خیبر پختونخوا میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ گئی


پشاور : خیبر پختونخوا میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ گئی ، محکمہ صحت کی جانب سے اسپتالوں میں خصوصی ڈینگی وارڈ مختص کر دئیے گئےہیں۔

ملک کے دیگر علاقوں کی  طرح خیبر پختونخوا میں بھی حالیہ بارشوں کے بعدڈینگی وائرس نے ایک بار پھر سر اٹھا لیاہے ، صوبے بھر میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد  بڑھتی جارہی  ہے۔

پشاور کے نواحی علاقے شیخان ، سربند اوربڈھ بیر ڈینگی وائرس کی لپیٹ میں ہیں جس سے سیکڑوں افراد متاثر ہوئے ہیں۔

محکمہ صحت کی جانب سے پشاور کے تمام بڑے تدریسی اسپتالوں میں متاثرہ مریضوں کا مکمل علاج ،اور الگ وارڈ مختص کر نے کی ہدایت کردی گئی ہے ، ڈاکٹرز کے مطابق فوری تشخیص کے ذریعے بیماری پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

خیبر ٹیچنگ اسپتال (کے ٹی ایچ) میں تاحال ڈینگی کے 17 متاثرین زیر علاج ہیں ،ڈی جی ہیلتھ کے مطابق ستمبر کے دوسرے ہفتے تک ڈینگی وائرس کا زور ٹوٹنے کے قوی امکانات ہیں۔

ادھر  پنجاب میں  بھی ڈینگی نے اپنے پنجے گاڑ لیے ہیں، گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں 82 افراد کے ڈینگی کے مرض میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے۔

ڈینگی کے شکار افراد میں سے 67 کا تعلق راولپنڈی سے ہے جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے 14 باسی اس مرض میں مبتلا پائے گئے ہیں۔

پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی گزشتہ دو گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے دو کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

ان نئے اعدادوشمار کے بعد رواں برس صوبے بھر میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 511 ہو گئی ہے جبکہ ملک بھر کے 746 افراد ڈینگی کی لپیٹ میں آئے ہیں۔

یاد رہے کہ پنجاب کے علاوہ سندھ میں بھی ڈینگی بخار سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق رواں سال اب تک مختلف اسپتالوں میں ڈینگی بخار کے 1072 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 1014 افراد کا تعلق کراچی شہر سے ہے۔

گزشتہ ماہ کراچی میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 815 تھی۔ ایک ماہ میں 200 سے زائد کیسسز سامنے آئے تھے۔

محکمہ صحت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگست سے دسمبر کے درمیان ڈینگی کے خطرات زیادہ ہوتے ہیں۔ اس موسم میں شہریوں کو بہت زیادہ احتیاط کرنی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیے: پنجاب میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا


متعلقہ خبریں