’حکومت نے صرف6 لوگوں کو فائدہ پہنچایا‘



اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما جنرل ریٹائرڈ عبد القادر بلوچ نے کہا کہ حکومت نے ٹیکس معاف کر کے صرف چھ لوگوں کو فائدہ پہنچایا ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام’ندیم ملک لائیو‘ میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 228ارب میں سے 90ارب صرف عبدالرزاق داؤد کو معاف کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملکی پیدوارا بڑھے گی تو لوگ ٹیکس دیں گے اور شرح سود میں اضافے سے محصولات کا ہدف حاصل کرنا ممکن نہیں۔

مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے عبد القادر بلوچ نے کہا کہ موجودہ حکومت حزب اختلاف کو ساتھ لے کر چلنا نہیں چاہتی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مسئلہ کشمیر پر سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر چیمہ نے کہا کہ جی آئی ڈی سی ٹیکس معاف کرنے کا معاملہ سابقہ حکومت کے دور سے چل رہا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت سے حکومت کو ایک پیسہ بھی نہیں ملا اور صنعتکاروں کے سینکڑوں مقدمات عدالتوں میں پڑے تھے۔

عمر چیمہ نے کہا کہ ہم نے صنعتکاروں کو سہولت دی اور قومی خزانے میں بھی پیسے جمع ہوئے ہیں۔

مسئلہ کشمیر پر پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ دشمن ہمارے دروازے پر کھڑا ہے اور اپوزیشن معیشت کا رونا رو رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں سے یکجہتی والے دن ایک بھی اپوزیشن لیڈر احتجاج میں شریک نہیں ہوا۔

سابق وزیرخارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ موجودہ حکومت مسئلہ کشمیر پر سنجیدہ دکھائی نہیں دے رہی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت سنبھالنے میں ناکام ہوچکی اور صرف بیانات سے کام چلا رہی ہے۔

معروف تاجرعقیل کریم ڈیڈھی نے کہا کہ حکومت نے بڑے صنعتکاروں کو ماضی میں لگائے گئے ٹیکس میں 50 فیصد چھوٹ دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ ٹیکس ن لیگ کی سابقہ حکومت نے لگایا تھا اور اسی وقت سے معاملات ٹھیک کرنے کی کوشش چل رہی تھی۔


متعلقہ خبریں