بھارتی فاسٹ باؤلر محمد شامی کے وارنٹ گرفتاری جاری

فوٹو: فائل


کولکتہ: بھارتی عدالت نے فاسٹ باؤلر محمد شامی کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی فاسٹ باؤلر محمد شامی اور ان کے اہلخانہ پر اہلیہ کو تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام ہے۔ جس کی وجہ سے کولکتہ کی مقامی عدالت نے محمد شامی اور ان کے بھائی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔

بھارتی عدالت نے محمد شامی کو 15 روز میں گرفتاری دینے کا حکم جاری کر دیا۔

محمد شامی پر ان کی اہلیہ نے تشدد کرنے اور میچ فکسنگ کا الزام لگایا تھا جبکہ محمد شامی اور ان کے بھائی کے خلاف آئی پی سیکشن 498 اے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ محمد شامی 70 ون ڈے میچز میں بھارت کی نمائندگی کرچکے ہیں جس میں انہوں نے 150 وکٹیں حاصل کیں، شامی 42 ٹیسٹ میچ بھی کھیل چکے ہیں۔

محمد شامی نے ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ اہلیہ کے الزامات کا ان کی کارکردگی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور وہ اپنی باؤلنگ پر توجہ دے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں پنجاب پولیس کا خاتون پر مبینہ تشدد، سر کے بال کاٹ دیے

یاد رہے کہ کرکٹر محمد شامی اور ان کی اہلیہ حسین جہاں کے درمیان تنازع شدت اختیار کر گیا تھا جس پر امروہا پولیس نے شامی کی اہلیہ کو بدامنی پھیلانے کے الزام میں گرفتار کر کے مقدمہ درج کیا تھا اور بعدازاں انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں