(سپریم کورٹ کا حالیہ فیصلہ انصاف کے منافی ہے، مسلم لیگ (ن


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) نے سپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کو پارٹی صدارت سے ہٹائے جانے کو انصاف کے منافی قرار دے دیا۔

ترجمان پاکستان مسلم لیگ (ن) کا کہنا ہے کہ 1973کے آئین کی خالق پارلیمنٹ کے قانون کوختم کردیا گیا، اس فیصلے کی جمہوری تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عدالتی فیصلے سے ایوب خان اور پرویز مشرف کا جمہوریت کش کالا قانون بحال ہوگیا ہے۔ ایک سیاسی جماعت سے اس کا سربراہ منتخب کرنے کا جمہوری حق چھین لیا گیا ہے۔

ترجمان ن لیگ کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی ایسے متنازع فیصلے ہوچکے ہیں۔ سیاسی جماعتوں سے ان کی قیادت چھیننے کی کوشش بھی کی گئی ہے، جو کبھی کامیاب نہیں ہوئی۔ نوازشریف کسی فرد کا نہیں بلکہ ایک نظریے، فلسفے اور تحریک کا نام ہے۔ وہ عوام کی جمہوری امنگوں کے حقیقی ترجمان بن چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی قیادت کسی عہدے یا منصب کی محتاج نہیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) ان کی رہبری اور قیادت میں آئین، قانون اورجمہوریت کی جدوجہد جاری رکھے گی۔


متعلقہ خبریں