احد چیمہ گیارہ روز ریمانڈ پر نیب کے حوالے

احد چیمہ کی عدم پیشی نیب حکام برہم | HUM.TV

لاہور: احتساب عدالت نے کرپشن کیس میں گرفتار سابق ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی ( ایل ڈی اے) احد چیمہ کا جسمانی ریمانڈ دے دیا گیا ہے۔

احتساب عدالت نے احد خان چیمہ کو گیارہ روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا ہے۔

قبل ازیں جمعرات کے روز احد چیمہ کو سخت سیکیورٹی حصار میں بکتر بند گاڑی کے ذریعے ہتھکڑی لگا کر عدالت لایا گیا ہے۔

پولیس کی جانب سے عدالت میں موجود میڈیا کے نمائندوں کو عدالت کے اندر کوریج کرنے سے روک دیا گیا۔

آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں کرپشن کی سماعت کے دوران پولیس کی بھاری نفری عدالت میں تعینات تھی۔

احتساب عدالت میں نیب کی جانب سے تفتیش کے لیے احد خان چیمہ کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی گئی۔

عدالت نے نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے احد چیمہ کو پانچ مارچ تک گیارہ روز کے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔

ترجمان نیب کے مطابق اربوں روپے کی کرپشن میں ملوث ہونے پر ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزم پر 32 کنال اراضی بطور رشوت لینے کا بھی الزام ہے۔

نیب نے گزشتہ روز آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں مبینہ بے ضابطگیوں کے الزام پر سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کو گرفتار کیا تھا۔

نیب حکام کے مطابق سابق ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے کو تین مرتبہ آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات میں طلبی کے نوٹس جاری کئے گئے تھے لیکن وہ نیب کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔ اس کیس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد بھی پیش ہو کر اپنا بیان ریکارڈ کراچکے ہیں۔

دوسری طرف یہ اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں کہ احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد پنجاب کے بیوروکریسی میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔

 


متعلقہ خبریں