ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کراچی میں نئی ایپ متعارف


کراچی: پاکستان کے سب سے بڑے صنعتی شہر میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے نئی ایپ متعارف کرا دی گئی ہے۔

کراچی میں قائم  جعفر بزنس سسٹمز  پرائیویٹ  لمیٹڈ   ٹیکنالوجی کمپنی کی متعارف کردہ  نئی ’’سائرن ایپ‘‘ کو کراچی کے ریسکیو 1299 پراجیکٹ سے  منسلک کیا گیا ہے۔

اس کا مقصد کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں ریسکیو 1299 کے عملے کو فوری  آگاہی پہنچانا ہے۔ جعفر بزنس سسٹمز نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں اس ایپ کو دوسری ایمرجنسی سروسز کے ساتھ بھی منسلک کیا جائیگا۔

سائرن ایپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر کراچی نے کہا کہ  اس سے ریسکیو 1299 کی خدمات  اور جوابی وقت کو بہتر بنانے میں بڑی مدد حاصل ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں کراچی کے مسائل گھمبیر سے گھمبیر تر ہوتے چلے جا رہے ہیں، ان سے نمٹنا کسی ایک محکمے کے بس کی بات نہیں۔

کمشنر کراچی  نے کہا کہ نئی ایپ کی مدد سے شہریوں اور اداروں کے درمیاں حائل فاصلے کم کرنے میں مدد ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مسائل کے حل کے لیے جدید ٹیکنالوجی  کے استعمال سے شہریوں کے اعتماد بھی اضافہ ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: نئی جگہ پر مسجد تلاش کرنے کے لیے ایپلیکیشن متعارف

سائرن ایب کا استعمال بے حد آسان ہے اور مختلف ہنگامی صورتحال کے لیے الگ الگ کیٹگریز بنا دی گئی ہیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں یہ ریسکیو سروس کے عملے کے ساتھ ساتھ آپ کے عزیزو اقارب کو بھی  ہنگامی صورتحال کے بارے میں بھی انتباہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

پاکستان میں اس سے پہلے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے محافظ  ایپ متعارف کرائی گئی تھی جس سے ایمرجنسیز سے نمٹنے میں بڑی حد تک مدد ملی تھی۔

خیبر پختونخوا حکومت بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مختلف ایپس کا استعمال کرتی ہے جن کی وجہ سے عملے کو جائے حادثہ پر بروقت پہنچنے میں بڑی مدد ملتی ہے۔

 


متعلقہ خبریں