فواد چوہدری کا گھریلو استعمال کیلئے چھوٹے سائز کا بائیو گیس پلانٹ بنانے کا اعلان

مشترکہ مفادات کونسل: مردم شماری کے مسئلے پر دوبارہ اجلاس بلانے کا فیصلہ

فائل فوٹو


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اصلاحات لانے کی اپنی روش کو برقرار رکھتے ہوئے گھریلو استعمال کے لیے چھوٹے سائز کا بائیو گیس پلانٹ بنانے کا اعلان کیا ہے۔

ہم نیوز کے مارننگ شو ’صبح سے آگے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے ایک گیزر کے سائز کا بائیو گیس پلانٹ بنایا ہے جو نامیاتی کچرا دان کے طور پر کام آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ کچن کا سارا نامیاتی کچرا اس یونٹ میں ڈال دیں تو یہ اسے گیس میں تبدیل کر دے گا۔ یونٹ کی بنائی گئی گیس 5 سے 6 افراد والے خاندان کی ضرورت کے لیے کافی ہو گی۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ یہ چھوٹے سائز کا بائیو گیس پلانٹ جیب پر بھاری بھی نہیں پڑے گا، اس کی قیمت تقریباً 35 ہزار روپے ہے۔

ایک روپے میں ایک لٹر پانی فراہم کرنے کے منصوبے کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کونسل آف ریسرچ اینڈ واٹر ریسورسز (پی سی آر ڈبلیو آر ) کے ٹیسٹ سے پتا چلا کہ پاکستان میں منرل واٹر بنانے والی 83 فیصد کمپنیاں پینے کا غیرمحفوظ پانی فراہم کر رہی ہیں۔

اس منصوبے کے بارے میں انہوں نے مزید بتایا کہ ہم نے ہر تحصیل کے پانی کے نمونے لیے جس سے مختلف جگہوں پر موجود پانی کے مسائل کا پتہ چلا۔ ان مسائل کو حل کرنے کے لیے ہم ہر جگہ کے حساب سے الگ فلٹریشن پلانٹ بنا رہے ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ فلٹریشن پلانٹ عام لوگوں کو دیں گے جسے وہ گھروں میں لگائیں گے اس سے عام آدمی زیادہ سے زیادہ مستفید ہو گا۔

وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے بتایا کہ محفوظ پانی پراجیکٹ میں ملٹی نیشنل کمپنیوں  کو بھی شامل کر رہے ہیں تاکہ کم لوگوں کو مہنگا پانی بیچنے کے بجائے زیادہ لوگوں کو بہت سستا پانی بیچیں۔

میزبان اویس منگل والا اور شفا یوسفزئی کے اصرار پر فواد چوہدری نے ایک روپے لٹر والا منرل واٹر خود پی کر بھی دِکھایا۔

اس منصوبے کے حوالے سے وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ صحت کے بجٹ کا 70 فیصد پانی سے متعلق امراض پہ خرچ کیا جاتا ہے، اگر ہم عوام کو صاف پانی دینے میں کامیاب ہو جائیں تو اس کا ہمارے اسپتالوں پر بہت مثبت اثر پڑے گا۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ اس پراجیکٹ سے حاصل شدہ پانی کا معیار بہترین ملٹی نیشنل کمپنیوں کے برابر ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگلے انتخابات سے پہلے پورے پاکستان میں پینے کا بہت سستا اور صاف پانی دستیاب ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کا اعتماد جیتنے کے لیے محفوظ پانی شروعات میں وزیراعظم ہاؤس، جی ایچ کیو میں بھجوائیں گے تاکہ عوام کو پتا چلے کہ یہ پانی محفوظ ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وزارت کو ایسے پراجیکٹ بنانے کا کہا ہے جو عام آدمی کی زندگی کو براہ راست بہتر بنا سکیں۔

الیکٹرک موٹر سائیکل اور الیکٹرک رکشہ کے منصوبے پر ان کا کہنا تھا کہ یہ وزیراعظم عمران خان کا آئیڈیا ہے کیونکہ وہ ماحولیات کو بہتر بنانے کے بہت پرجوش حامی ہیں۔ وہ کوشش کرتے ہیں ماحول دوست پالیسی اپنائی جائے۔

انہوں نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے پر کام جاری ہے مگر ابھی ہمیں کچھ مسائل درپیش ہیں، ان کے لیے بنائی گئی بیٹری چارجنگ میں 5 سے 6 گھنٹے لیتی ہے، اسے بہتر بنانے کے لیے کام جاری ہے۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ ابھی بنائی گئی بیٹری 4 سے 5 گھنٹے میں تقریباً 70 کلومیٹر تک موٹر سائیکل چلانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ امید ہے کہ یہ منصوبہ ہماری چنگ چی کے لیے یہ بہت فائدہ مند ہو گا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ دنیا میں انقلاب بیٹری کی وجہ سے آیا ہے۔ میں تمام اسٹیک ہولڈرز سے درخواست کر رہا ہوں کہ ہم ابھی سے الیکٹرک بیٹری پر توجہ دیں اور اسے پاکستان میں بنانے کی کوشش کریں۔

نئے نئے آئیڈیاز پر وزیراعظم کے ردعمل سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ کابینہ کے ہر اجلاس میں ہر وزیر کو تین منٹ دیے جاتے ہیں جس میں وہ بتا سکے کہ ان کی وزارت نے عوام کی فلاح کے لیے کیا اقدامات اٹھائے ہیں۔ وزیراعظم نے ہمیشہ اصلاحات کی حمایت کی ہے مگر بیوروکریسی کام روک لیتی ہے۔

وزیر سائنس نے مزید کہا کہ میں جہاں بھی گیا ہوں اصلاحات لانے کی کوشش کی ہے۔ وزارت اطلاعات میں بھی ستر سال کی سب سے بڑی اصلاحات لے کر آیا تھا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزارت اطلاعات کی کارکردگی کی رپورٹ پر  تصویر صرف فردوس عاشق اعوان کی ہے ورنہ ہر لفظ میرا لکھا ہوا ہے۔ میں نے اسٹیٹس کو کی کبھی حمایت نہیں کی۔


متعلقہ خبریں