سرفراز کو ون ڈے، ٹی ٹوئنٹی کا کپتان برقرار رکھنے کا امکان


لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان برقرار رکھے جانے کا امکان ہے جبکہ ٹیسٹ کی کپتانی مل سکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق رواں ماہ سری لنکا کے خلاف محدود اوورز کی سیریز میں سرفراز ہی کپتانی کریں گے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کپتانی کے حوالے سے حتمی فیصلہ نئے ہیڈ کوچ مصباح الحق کو کرنا ہے

ورلڈ کپ 2019 میں ناقص کارکردگی کے بعد سے ٹیم کے کپتان کو تبدیل کرنے کے حوالے سے قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔

گزشتہ ماہ سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے کنٹریکٹ میں توسیع نہیں کی گئی جبکہ ان کے ساتھ موجود سپورٹ اسٹاف کی بھی چھٹی کردی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کپتان تبدیل کرنے کا معاملہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں زیر غور ضرور آیا تھا تاہم سرفراز کا متبادل نہ ہونے کے باعث انہیں ہی کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

بتایا جارہا ہے کہ آل راؤنڈر عماد وسیم فٹنس مسائل کا شکار ہیں جبکہ ٹیم کے دیگر کھلاڑی ناتجربہ کار ہیں۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مصباح الحق کی تجاویز کی روشنی میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی حتمی فیصلہ کریں گے تاہم ان کا ذہن تبدیل ہونے کے امکانات کم ہی ہیں۔


متعلقہ خبریں