پاکستان کو وہاں لےجانا ہے جو اس کاحق ہے،آرمی چیف


راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان کو وہاں لے جانا ہے جو اس کا حق ہے اور ہمیں بحیثیت قوم اس مقام پر پہنچنا ہے جہاں سے ہماری آواز سنی جائے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف سےسندھ کے نوجوانوں کے ایک وفد نے ملاقات کی ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے ہی وابستہ ہے اور نوجوانوں نے اپنی قیادت کے لیےترجیحات طےکرنی ہیں۔  جس سمت میں نوجوان جائیں گے پاکستان اسی سمت میں جائے گا۔

پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے اور صرف نوجوان ہی تبدیلی لاسکتے ہیں۔  آپ مضبوط بچے ہیں اور سمندروں کا رخ تبدیل کرسکتے ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ دنیا میں تبدیلی اور انقلاب نوجوان لاتے ہیں لیکن اگر ہم اپنے آپ کو ایمانداری سے نہیں دیکھیں گے تو کوئی ہماری مدد نہیں کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بنانے میں سندھ  کا اہم کردار تھا، یہ صوبہ ملک کی جان ہے اور یہاں کے جوان محنتی اور وفادار ہیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے بتایا لوگ پوچھتے ہیں یہ کا میابی کیسے حاصل کرلی کہ دہشتگردوں کواٹھاکرملک سے باہر پھینک دیا۔

میں کہتا ہوں ہماری مائیں ایسے بچے پیدا کرتی ہیں جوملک پرجان نچھاورکرتے ہیں، میں پسینہ مانگوں تو وہ خون دیتے ہیں۔

نوجوانوں سے خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دنیا میں سب سے پہلا رشتہ انسانیت کا ہے، کسی مذہب میں کسی کاحق مارنےکی اجازت نہیں اور اخلاقی قوت،فوجی قوت سے بہت زیادہ ہوتی ہے۔


متعلقہ خبریں