پاکستانی وفد آئندہ ہفتے ایف اے ٹی ایف اجلاس میں شرکت کرے گا

فائل فوٹو


اسلام آباد: پاکستان کا 15 رکنی وفد آئندہ ہفتے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے اجلاس میں شرکت کرے گا۔

ایف اے ٹی ایف حکام کے ساتھ ہونے والے اجلاس کو ’فیس ٹو فیس‘ کا نام دیا گیا ہے جس میں 15 رکنی پاکستانی وفد شرکت کرے گا۔

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا اجلاس 9 سے 13 ستمبر تک بینکاک میں منعقد کیا جائے گا جس میں شرکت کے لیے پاکستانی وفد 7 ستمبر کو بینکاک  روانہ ہوگا۔

پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری خزانہ نوید کامران بلوچ کریں گے جبکہ وفد کے دیگر ارکان میں ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ایف ایم یو، ڈی جی وزارت خارجہ بھی شامل ہوں گے۔

ڈی جی نیکٹا، ڈائریکٹر ایف آئی اے اور ڈائریکٹر کراس بارڈر کرنسی مینجمنٹ بھی ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں شرکت کرنے والے وفد کا حصہ ہیں۔

وفد میں وزارت داخلہ، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) اور اسٹیٹ بینک کے افسران بھی شامل ہیں۔

پاکستان کے متعلقہ محکموں کے نمائندے  ایف اے ٹی ایف حکام کو پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کریں گے۔

واضح رہے کہ تمام اقدامات کی تفصیل پاکستان 12 اگست کو 450 صفحات پر مشتمل رپورٹ میں بھیج چکا ہے۔

 


متعلقہ خبریں