عام آدمی کی سواری موٹر سائیکل بھی مہنگائی کی زد میں

موٹرسائیکلز

موٹرسائیکلز سے متعلق اہم خبر آگئی


لاہور: عام شہری کی سواری موٹر سائیکل بھی عام نہ رہی،اس کی  قیمتوں میں روز بروز اضافے نے خریداروں کے ساتھ ساتھ ڈیلرز کو بھی پریشانی میں مبتلا کر رکھا ہے۔ 

متوسط اورعام  طبقے کی شاہی سواری موٹرسائیکل بھی مسلسل مہنگائی کی زد میں ہے۔ گزشتہ ایک ماہ کے دوران  موٹرسائیکل کی قیمت میں تین سے پانچ ہزار روپے تک اضافہ ہو گیا ہے۔

مارکیٹ میں ستر سی سی موٹر سائیکل پچھہتر ہزار اور ایک سو پچیس سی سی کی قیمت ایک لاکھ پچیس ہزار تک پہنچ چکی ہے۔

نئی موٹر سائیکل کے خریداروں کو بڑھتے ہوئے ریٹس نے چکرا کر رکھ دیا ہے۔ خریداروں کا کہنا ہے کہ  اب پرانی بائیک پر ہی گزارہ کرنا پڑے گا۔

ایک شہری نے ہم نیوز سے گفتگو میں کہا کہ وہ  نئی موٹرسائیکل لینے آیا تھا مگر قیمت ہی پہنچ سے دور ہوگئی ہے۔ اب کسی منڈی سے پرانی موٹرسائیکل خرید کر گزارہ کرنا پڑیگا۔

خریداروں کی طرح موٹر سائیکل ڈیلرز بھی بڑھتی ہوئی مہنگائی کے سبب بہت پریشان ہیں۔ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ  گزشتہ چند ماہ میں ان کا کاروبار بیس سے تیس فیصد کم ہو گیا ہے۔

راجہ فاروق نامی ڈیلر نے ہم نیوز سے گفتگو میں کہا کہ جو بھی گاہک آتا ہے وہ قیمت سن کر واپس چلا جاتا ہے۔ ہم کیا کریں ہمارے کاروبار آہستہ آہستہ تباہی کی طرف جارہے ہیں مگر حکومت ہے کہ اس طرف دھیان ہی نہیں دے رہی۔

غریب کی سواری کہلانے والی موٹربائیک کی بڑھتی قیمتوں نے شہریوں کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔  شہریوں نے ہم نیوز کے توسط سے اپیل کی ہے  کہ حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے کے لئے اقدامات کرے۔

یہ بھی پڑھیے: مہنگائی دس سال کی بلند ترین سطح پر ہے، احسن اقبال


متعلقہ خبریں