وزیر اعظم نے مودی کے بیانیہ کو شکست دی، فردوس عاشق اعوان


اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے دن رات ایک کر کے مودی کے بیانیہ کو شکست دی، جب تک کشمیریوں کو حق نہیں ملتا ہم کھڑے رہیں گے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کابینہ اجلاس کے بعد وفاقی وزیر عمر ایوب اور ندیم بابر کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم مظلوم کشمیریوں کی آواز کو دنیا تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کل یورپی یونین اور اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی) کی طرف سے ایک مؤثر آواز کشمیریوں کی حمایت میں سامنے آئی۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 10 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا جس میں سے 8 نکات کی منظوری دی گئی جبکہ 2 کو مؤخر کر دیا۔

وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا کہ جی آئی ڈی سی کوئی نئی چیز نہیں ہے سال 2011 میں بھی اسے لگایا گیا تھا۔ وزیر اعظم چاہتے ہیں عوام پر گیس کی قیمتوں کا بوجھ کم ہو جبکہ سپریم کورٹ نے سال 2013 اور 14 میں اس کو جمع کرنے سے منع کر دیا تھا۔ ن لیگ بھی اس کو ایکٹ اور آرڈیننس کے تحت لائی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پاور سیکٹر کو رعایت دینے سے متعلق خبر بالکل غلط ہے، کسی کو بھی کسی سیکٹر میں رعایت نہیں دی گئی ہے۔

عمر ایوب نے کہا کہ جی آئی ڈی سی کا مسئلہ حل کرنا چاہتے تھے تاکہ عوام کو ریلیف ملے، جی آئی ڈی سی کے قانون میں درج  ہے کہ پہلے فرٹیلائزر کمپنیوں کا آڈٹ ہو گا۔ جی آئی ڈی سی کی مد میں217 ارب روپے جمع ہوئے اور کھاد کی قیمتیں بھی کم ہوئی ہیں۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر نے کہا کہ جی آئی ڈی سی کے حوالے سے ابہام کو مکمل دور کیا جائے گا اور اس قانون کے تحت پہلے کھاد کمپنیوں کا آڈٹ کریں گے۔ اس قانون سے صارفین پر قیمتوں کا بوجھ کم ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے سی این جی سیکٹر سے معاہدہ کر کے 50 فیصد معاف کیا تاہم ہماری کوشش ہے کہ پرانے معاملات ختم کر کے قیمتیں کم کی جائیں۔

ندیم بابر نے کہا کہ کابینہ کا فیصلہ ہے فرٹیلائزرز کمپنیوں سے معاہدے سے پہلے آڈٹ کرنا ہے اور فرٹیلائزرز کمپنیاں جی آئی ڈی سی کے تحت اپنی قیمتیں فائنل کرتی ہیں۔


متعلقہ خبریں