آزاد کشمیر میں انڈین فوج کی فائرنگ سے 19 سالہ انضمام شہید

انڈین فوج کی فائرنگ سے 19 سالہ نوجوان شہید | urduhumnews.wpengine.com

مظفرآباد: انڈین فورسز کی جانب سے ایک بار پھربلااشتعال فائرنگ میں آزاد کشمیر کی سول آبادی کو نشانہ بنایا جس سے 19 سالہ انضمام شہید ہو گیا۔

ہم نیوز کو مقامی ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاع کے مطابق جمعرات کو بھارتی قابض فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر فائرنگ کی۔

سیز فائر معاہدے کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی فوج کی جانب سے حالیہ فائرنگ کا واقعہ پونچھ چیری کوٹ سیکٹر میں پیش آیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے نوجوان کی شہادت کی تصدیق کی ہے۔ ادارے کے مطابق 19 سالہ انضمام ولد محمد امین کو تتری نوٹ کے علاقے میں شہید کیا گیا ہے۔

انضمام دریائے پوچھ کے کنارے ریت چھاننے کا کام کر رہا تھا کہ اسے بلااشتعال اور براہ راست فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سویلینز کو نشانہ بنانے والی انڈین چیک پوسٹ کو پاک فوج کی جانب سے جوابی کارروائی میں ہدف بنایا گیا ہے۔

غاصب بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے 19 سالہ انضمام کا جسد خاکی

گزشتہ چند روز کے دوران یہ تیسرا واقع ہے کہ ایل او سی پر انڈین فائرنگ سے عام شہریوں کی جان گئی ہے۔

گزشتہ واقعات میں ایک اسکول وین ڈرائیور کو دوران سفر نشانہ بنایا گیا تھا۔ چند دن پہلے بھارتی فوج نے اپنے گھروں کے قریب کھیلتے بچوں کو نشانہ بنایا تھا، جس سے  آٹھ سالہ ایان شہید ہوگیا تھا۔


متعلقہ خبریں