شیخ رشید کی اسلام آباد، راولپنڈی پریس کلب داخلے پر پابندی


اسلام آباد: زندگی کی کشمکش میں مبتلا ویڈیو جرنلسٹ کے بارے میں توہین آمیز الفاظ کے استعمال پر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی کوریج اور نیشنل پریس کلب اسلام آباد اور کیمپ آفس راولپنڈی میں داخلے پر ایک ہفتے کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

نیشنل پریس کلب اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں صدر شکیل قرار نے کہا کہ آج بے نظیر بھٹو اسپتال راولپنڈی میں نجی ٹی وی چینل کے کینسر میں مبتلا ویڈیو جرنلسٹ  محمد ناصر سے ملاقات  ہوئی جس  میں انہوں نے تصدیق کی کہ اسپتال کے دورے کے دوران جب شیخ رشید  کی توجہ ان کی طرف دلائی گئی تو  انہوں نے ان کے خلاف توہین آمیز جملے کہے۔

یہ بھی پڑھیں: شیخ رشید کو کرنٹ لگ گیا

بیان کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید کی جانب سے کہے گئے توہین آمیز الفاظ سے زندگی کی کشمکش میں مبتلا  محمد ناصر کی بہت دل آزاری ہوئی۔

صدر شکیل قرار نے کہا کہ وزیر موصوف کی اس حرکت  پر ان کی نیشنل پریس کلب اسلام آباد اور کیمپ آفس راولپنڈی میں داخلے پر ایک ہفتے کے لیے پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نیشنل پریس کلب کے صدر نے تمام رپورٹرز، ویڈیو اور فوٹو جرنلسٹ سے اس ضمن میں اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس پابندی کو یقینی بنائیں۔ صدر شکیل قرار نے ملک کے دیگر پریس کلبوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ بھی شیخ رشید کے داخلے پر ایک ہفتے کی پابندی عائد کریں۔

 


متعلقہ خبریں