حکومت گرانے والے کبھی اپنی سازش میں کامیاب نہیں ہوں گے،وزیراعلی سندھ

فوٹو: فائل


ٹنڈوالہ یار:وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاہے کہ سندھ حکومت اپنی معیاد مکمل کرے گی۔ حکومت گرانے والے کبھی اپنی سازش میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ 

ٹنڈو الہ یار میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں سید مراد علی شاہ نے کہا کہ بلال بھٹو جلد سندھ کے دوروں پر نکلیں گے۔ ہم سندھ کے عوام کو کبھی مایوس نہیں کرینگے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام کے اوپر ٹیکسوں کے پہاڑ لگادیئے ہیں جس کی وجہ سے عوام کی کمر ٹوٹ چکی ہے،وفاقی حکومت ایک طرف لوگوں پر ٹیکس لگا کر عوام کو پریشان کر رہی ہے تو دوسری طرف 300ارب روپے کے قرضے معاف کر دئے۔

انہوں نے کہا  جن لوگوں نے عوام سے پیسے لیے ہیں اور ان کو معاف کرناسوالیہ نشان ہے ۔  اس سب کے پیچھے منطق کیا ہے ؟ ویسے تو بہت ایکٹو ہیں مختلف ایجنسیاں دیکھتے ہیں کہ جن کے پیسے معاف ہوئے ہیں ان کی کیا تحقیقات ہونگی۔ حکومت کی یہ پالیسی ایک سوالیہ نشان ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ کراچی میں 1967میں ایسی بارش ہوئی تھی جس کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ۔ ہماری پہلی یہ ترجیح تھی  کہ کراچی کے  روڈ ،راستے اور شاہراہوں کو کلیئر کریں۔

وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ موجودہ بارشوں کی وجہ سے ٹھٹہ ، سجاول،  ٹنڈوالہ یار اورمیرپور خاص میں پیاز اور کپاس ودیگر فصلیں تباہ  ہوگئی ہیں۔ ہمارے محدود وسائل ہیں ، ان وسائل  میں ہم سے جو ہوسکا ہم کررہے ہیں۔

مراد علی شاہ نے اعتراف کیا کہ سندھ حکومت مالی بحران کا شکار ہے۔ حالیہ بارشوں سے سندھ میں مختلف فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔  ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کر دی گئی ہے اور ان سے رپورٹ طلب کی ہے۔ سندھ حکومت محدود وسائل میں بھی اپنے زمیندار بھائیوں کی ہر ممکن مدد کرے گی۔

یہ بھی پڑھیے: کراچی:8،9اور 10 محرم الحرام کے ماتمی جلوسوں کے حوالے سے  متبادل روٹ پلا ن جاری


متعلقہ خبریں