احتساب عدالت میں آج بڑی پیشیاں ہوں گی

احتساب عدالت میں کل بڑی پیشیاں ہوں گی

لاہور: احتساب عدالت میں آج مقدمات کی سماعت کے موقع پر بڑی پیشیاں ہوں گی۔

احتساب عدالت میں بدھ کو آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل، رمضان شوگر ملز کیس، منی لانڈرنگ و آمدن سے زائد اثاثہ جات، چوہدری شوگر ملز کیس اور پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کی سماعت ہو گی۔ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی پیشی کے موقع پر پارٹی نے کارکنوں کو احتساب عدالت پہنچنے کا حکم دے دی۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف، حمزہ شہباز، مریم نواز، یوسف عباس، خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق مختلف مقدمات میں پیش ہوں گے۔

احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل میں شہباز شریف کو طلب کر رکھا ہے جبکہ رمضان شوگر ملز کیس میں بھی شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیشی ہے۔ حمزہ شہباز کو منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں جسمانی ریمانڈ کی مدت ختم ہونے پر بھی احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور یوسف عباس کو چوہدری شوگر ملز کیس میں جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر نیب احتساب عدالت میں پیش کرے گی۔

پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں جوڈیشل ریمانڈ کی مدت ختم ہونے پر خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کو جیل حکام کی جانب سے احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ خواجہ برادران کی ایک لمبے عرصے بعد احتساب عدالت میں شہباز شریف، حمزہ شہباز اور مریم نواز سے ملاقات متوقع ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق احتساب عدالت میں بڑی پیشیوں کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف سیکیورٹی کے انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کیے جائیں گے۔ لوئر مال کی دونوں سڑکوں کو ایم اے او کالج سے سیکرٹریٹ چوک تک کنٹینرز، خاردار تاریں اور رکاوٹیں لگا کر بند کیا جائے گا.

پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ اینٹی رائٹ فورس کے دستے بھی جوڈیشل کمپلیکس کے اندر اور باہر تعینات کیے جائیں گے اور لیگی کارکنان سے نمٹنے کے لیے پولیس کی واٹر کینن بھی موقع پر موجود ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں ’ اپوزیشن رہنماؤں کیخلاف گزشتہ ہفتے قائم مقدمات ختم کرنے کا فیصلہ ہوا ہے‘

سڑکوں کی بندش کے باعث ٹریفک کو متبادل راستوں کی جانب موڑ دیا جائے گا جبکہ اضافی ٹریفک وارڈنز بھی تعینات کیے جائیں گے۔ جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف تمام دکانیں، ورکشاپس اور ہوٹلز بند رکھے جائیں گے۔


متعلقہ خبریں