سارک اسنوکر چیمپئن شپ 2019: پاکستانی کھلاڑیوں کی کوارٹر فائنل میں رسائی

کورونا وائرس کی وجہ سے ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ بھی ملتوی

ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں جاری پہلی سارک اسنوکر چیمپئن شپ2019 میں شریک دونوں پاکستانی کھلاڑی کوارٹر فائنل تک پہنچ گئے ہیں۔

ٹورنامنٹ کے دوسرے روز محمد بلال اور اسجد اقبال نے اپنے میچز جیت کر اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کی۔

محمد بلال نے سری لنکا کےعاشق حسین کو 4-0 سے شکست دی جب کہ اسجد اقبال نے بنگلادش کے کیوئسٹ زیڈ اے آزاد کو 4-2 زیر کیا۔

کل یعنی بدھ کے روز چیمپئن شپ میں کوارٹر فائنلز مقابلے ہوں گے۔

اسجد اقبال نیپالی حریف دیپک مگار سے مقابلہ کریں گے اور محمد بلال کا سامنا نیپال کے ہی دوسرے کیوئسٹ اے ایم شریستھا سے ہوگا۔

ڈھاکہ میں جاری چیمپئن شپ میں میزبان ملک کے علاوہ پاکستان، بھارت، نیپال اور سری لنکا کے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔

میزبان ملک سے 4 جبکہ دیگر ممالک سے دو، دو کیوئسٹس ایونٹ میں شریک ہیں جنہیں چار مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

فاتح کیوئسٹ کو 2500 ڈالرز، رنر اپ کو 1500 ڈالرز جبکہ چوتھی اور پانچویں پوزیشن حاصل کرنے والے کیوئسٹس کو 1000 ڈالرز نقد انعام دیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں