حساس اداروں نے کوئٹہ کو بڑی تباہی سے بچا لیا


کوئٹہ: سیکیورٹی فورسز اور حساس اداروں کی بروقت کارروائی نے کوئٹہ شہر کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس پر واقع ایک کمپاونڈ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر رات گئے کارروائی شروع کی جو پانچ گھنٹوں تک جاری ہے، اس دوران ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا ۔

سیکورٹی فورسز نے جیسے ہی مذکورہ کمپاونڈ کو گھیرے میں لیا تو دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں تین اہلکار زخمی ہو گئے۔

سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی کارروائی  کے دوران  6 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، جن میں ایک خاتون خود کش بمبار بھی شامل ہے۔ دہشتگردوں کے ٹھکانے سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔

سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق دہشت گرد محرم الحرام کے دوران شہر میں کسی بڑے تخریب کاری کا منصوبہ بنا رہے تھے۔

واضح رہے ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا تھا کہ کوئٹہ میں 8 ویں اور10 ویں محرم کے موقع پر دہشت گردی کا تھریٹ موجود ہے۔


متعلقہ خبریں