کراچی: کھارادر میں عمارت گرنے سے میاں بیوی جاں بحق، بچیاں زخمی

فوٹو: فائل


کراچی: کھارادر میں پرانی عمارت کی چھت گرنے سے میاں بیوی جاں بحق ہوگئے ہیں جب کہ ان کی بچیاں زخمی ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق کھارادر باغیچہ مچھی میانی میں واقع دیوی بائی نامی پرانی عمارت کی رات گئے اچانک چھت گر گئی جس کے نتیجے میں سوئے ہوئے میاں بیوی جاں بحق اور ان کی دو بچیاں زخمی ہوگئی ہیں۔

ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کراچی میں نئی ایپ متعارف

زخمی بچیوں کو فوری طور پر طبی امدا کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے جب کہ امدادی ٹیموں کے رضاکاروں نے نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا ہے۔

جاں بحق افراد کی شناخت 35 سالہ محمد اکرم اور نازیہ کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمیوں میں بچیاں دس سالہ ثانیہ اور آٹھ سالہ زینب شامل ہیں۔

اسپتال میں زخمی بچی نے سانحہ کے متعلق بتایا کہ سوتے میں اچانک رات کو چھت اور الماری ان کے اوپر گرگئی۔ بچی کے مطابق ان کی امی بھی ساتھ ہی سو رہی تھیں۔

اطلاعات کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی پہنچنے والے رضاکاروں اور پولیس اہلکاروں نے جب اہل محلہ کی مدد سے ملبے تلے دبے اکرم اور نازیہ کو نکالا تو ان کی حالت انتہائی تشویشناک تھی۔

وفاقی وزیر علی زیدی کی جانب سے جاری ’کلین کراچی مہم‘ روک دی گئی

کھارادر میں واقع دو منزلہ دیوی بائی عمارت کی دوسری منزل کی چھت پہلی منزل پہ گری جس سے یہ حادثہ پیش آیا ہے۔ مخدوش عمارت کی اس سے قبل بھی دیوار گرچکی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق پولیس اور اہل محلہ کا کہنا ہے کہ اس عمارت کو خالی کرنے کے لے کہا گیا تھا مگر متاثرہ خاندان نے اپنی رہائش گاہ تبدیل نہیں کی تھی جب کہ سابقہ کرائے دار کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے خاندان کے ہمراہ تین دن قبل ہی یہ عمارت چھوڑی تھی۔

زمیں بوس ہونے والی دیوی بائی نامی عمارت میں اس وقت صرف ایک ہی خاندان رہائش پذیر تھا۔

 


متعلقہ خبریں