مسئلہ کشمیر: پاکستان کو سعودی عرب اور یو اے ای کی حمایت حاصل


اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان کو مسئلہ کشمیر پر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی مکمل حمایت حاصل ہے۔

وزارتِ خارجہ اسلام آباد میں سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر اور عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زائد بن سلطان سے ملاقات کے بعد شاہ محموقریشی نے ذرائع ابلاغ کو اہم پیش رفت سے مطلع کیا۔

انہوں نے کہا یہ ابہام ختم ہوگیا ہے کہ مسلم ممالک مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے ساتھ نہیں اور آج کا دورہ اس معاملے میں اہم پیش رفت ہے۔

شاہ محمود قریشی نے مختصر پریس کانفرنس میں بتایا کہ جنیوا میں انسانی حقوق کونسل میں بھی سعودی عرب اور یو اے ای ہمارے ساتھ تعاون کریں گے۔

ملاقات مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور خطے میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے اپنے سعودی اور اماراتی ہم منصب کو پانچ اگست کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں کئے گئے یکطرفہ، غیر قانونی اقدامات اور ان کے مضمرات سے آگاہ کیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت کے یہ یکطرفہ اقدامات، نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں بلکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے بھی منافی ہیں۔

ہندوستان نے گزشتہ ایک ماہ سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے لاکھوں مسلمانوں کو مسلسل کرفیو کے ذریعے یرغمال بنا رکھا ہے۔ صورتحال اس قدر تشویشناک ہے کہ خوراک اور ادویات تک میسر نہیں۔

پاکستانی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ او آئی سی اور او آئی سی کے انسانی حقوق کمیشن کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر ٹھوس موقف کا سامنے آنا نہایت خوش آئند ہے۔

مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم مسلمان بھارتی استبداد سے نجات پانے کے لیے عالمی برادری بالخصوص مسلم امہ کی طرف نظریں جمائے ہوئے ہے۔

خیال رہے کہ سعودی عرب کے وزیرمملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شيخ عبداللہ بن زاید النہیان مسئلہ کشمیر کے تناظر میں پاکستان کے ایک روزہ دورے پر آئے ہیں۔

ؤمبصرین کو یقین ہے کہ پاکستان عالمی برادری کے سامنے ماضی کی نسبت اس مرتبہ مسئلہ کشمیر زیادہ بہتر انداز میں اٹھا سکا ہے جس کی وجہ سے سفارتی محاذ میں اسے مسلسل کامیابیاں مل رہی ہیں جب کہ بھارت کو ایک کے بعد دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

کشمیر کی صورتحال، عمران خان کا سعودی ولی عہد سے ٹیلیفونک رابطہ

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف سے رابطہ


متعلقہ خبریں