پی سی بی نے مصباح الحق کو قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ اور چیف سیلکٹر مقرر کر دیا



لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تین سال کے لئے مصباح الحق کو قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ اور چیف سیلکٹر جبکہ وقار یونس کو بولنگ کوچ تعینات کر دیا۔

اس ضمن میں پی سی بی کی جانب سے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قومی ٹیم کے لئے مقرر کردہ دونوں کوچز کے ناموں کی منظوری چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے دی ہے۔

پی سی بی کے مطابق مصباح الحق اور وقار یونس کی قومی کرکٹ ٹیم کے ہمراہ پہلی اسائنمنٹ سری لنکا کے خلاف سیریز ہو گی۔

اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا ہے کہ قائدانہ صلاحیتوں کے حامل مصباح الحق کو قومی ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داریاں دینا ہمارے لئے خوشی کا باعث ہے۔

ان کا کہنا ہےکہ آئندہ چند ماہ میں پاکستان کرکٹ کے لئے بہت اہم ہیں۔ قومی ٹیم کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ، آئندہ سال ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی اور آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپس 2020،2021 میں شرکت کرنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی کو اعتماد ہے مصباح الحق کی زیر نگرانی قومی کرکٹ ٹیم آئندہ سالوں میں بہترین کارکردگی دکھائے گی۔

اس سے قبل ذرائع نے بتایا تھا کہ کپتان سرفراز احمد کو ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان برقرار رکھے جانے کا امکان ہے جبکہ ٹیسٹ کی کپتانی مل سکتی ہے۔

رواں ماہ سری لنکا کے خلاف محدود اوورز کی سیریز میں سرفراز ہی کپتانی کریں گے۔


متعلقہ خبریں