وزیر اعظم نے جی آئی ڈی سی آرڈیننس واپس لے لیا

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے گیس انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ سیس (جی آئی ڈی سی) آرڈیننس واپس لے لیا۔

وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق آرڈیننس حالیہ تنازع، شفافیت اور گڈ گورننس کو مد نظر رکھتے ہوئے واپس لیا گیا ہے۔ حکومت عدالت میں جی آئی ڈی سی سے متعلق فیصلے کا انتظار کرے گی۔

وزیر اعظم نے اٹارنی جنرل پاکستان کو سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔

واضح رہے کہ جنوری 2012 سے دسمبر 2018 تک جی آئی ڈی سی کی مد میں 417 ارب روپے تھے جسے وزیر اعظم نے آرڈیننس کے ذریعے معاف کیا تھا۔

سینئر تجزیہ کار محمد مالک نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ میڈیا کی جانب سے مسئلہ اٹھائے جانے پر وزیر اعظم عمران خان نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا اور انا کا مسئلہ بنائے بغیر آرڈیننس واپس لینے کا فیصلہ کیا مجھے خوشی ہوئی وزیر اعظم نے صحافیوں کے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری افراد نے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی آج ان کا داؤ نہیں چلا لیکن یہ دوبارہ اس طرح کی کوشش کریں گے اور یہ سلسلہ چلے گا۔

یہ بھی پڑھیں نواز شریف یا زرداری سے کوئی ڈیل نہیں ہو رہی، اعجاز شاہ

محمد مالک نے کہا کہ جی آئی ڈی سی جیسے معاملات کو قانونی طریقے سے حل ہونا چاہیے اور بیوروکریٹس اور کاروباری افراد کے بیک ڈور اجلاس میں فیصلے نہیں ہونے چاہیئیں۔

 


متعلقہ خبریں