سابق صدر آصف زرداری کو جیل میں کیا سہولیات دی جارہی ہیں؟

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری کو جیل میں فراہم کردہ سہولیات کی رپورٹ سامنےآگئی ہے جس میں  بتایا گیاہے کہ  انہیں جیل خانہ جات کے 1978 کےقوانین کے مطابق بہتر (بیٹرکلاس) درجے کے دیگر ملزمان کی طرح گھریلو کپڑے، گدا(میٹرس)، جوتے وغیرہ اپنے خرچے پر استعمال کرنے کی اجازت ہے۔ 

رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ جیل میں سابق صدر آصف علی زرداری کو ایل سی ڈی، اخبار، کتابیں پڑھنے کی  سہولیات بھی دے دی گئی ہیں۔ 

سابق صدر کو جیل میں فراہم کردہ سہولیات کی تفصیلی رپورٹ عدالتی حکم پر اے ایس پی عدیل نےمقامی عدالت میں  جمع کرائی ہے۔

رپورٹ کے مطابق جیل کے ڈاکٹر کی ہدایت پر سابق صدر آصف علی زرداری کو  فزیو تھراپی چیئر یعنی ورزش کے لئے خصوصی کرسی کی سہولت بھی میسر کر دی گئی ہے۔

3 ستمبر 2019 سے پمز اسپتال کے فزیو تھراپی ٹیکنیشن روزانہ کی بنیاد پرآصف زرداری کا معائنہ کر رہے ہیں۔ میڈیکل افسر کی ہدایت پر دوائیوں کی حفاظت کیلئے 2 آئس باکس بھی فراہم کر دیے گئے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ پاکستان جیل جانہ جات کے 1978 کے قوانین کے مطابق باہر سے  خدمت گار نہیں رکھا جا سکتا، آصف زرداری کی صحت کی نگہداشت کیلئے میڈیکل افسر جیل نے طبی عملے کو ذمہ داری دے رکھی ہے۔

طبی عملہ  وقفہ وقفہ سے سابق صدر آصف علی زرداری کےخون میں  ذیابیطس کی مقدار کی نگرانی بھی کرتا ہے۔

پمز اسپتال کی  رپورٹ کےمطابق انہیں ائر کنڈیشنڈ  کی سہولت فراہم نہیں کی گئی۔ پمز اسپتال سے چھٹی ملنے پر جاری کردہ رپورٹ میں میڈیکل بورڈ نے آصف زرداری کو اے سی کی فراہمی سے متعلق کوئی ہدایت نہیں دی تھی۔

یہ بھی پڑھیے: سابق صدر آصف زرداری کو واپس اڈیالہ جیل راولپنڈی منتقل کر دیا گیا


متعلقہ خبریں