جانوروں کی نامناسب دیکھ بھال: دو اہم افسران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی


اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے چڑیا گھر میں جانوروں کی نامناسب دیکھ بھال  کے کیس میں میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) کے دو سینیئر افسران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا آغاز کر دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایم سی آئی کا چڑیا گھر کا چارج وزارت موسمیاتی تبدیلی کو نہ دینے پر توہین عدالت کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈائریکٹر ایم سی آئی رانا طاہر اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر بلال خلجی کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا آغاز کر دیا۔ عدالت نے ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 4 دن کے اندر تحریری جواب طلب کر لیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’چڑیا گھر کے جانوروں کی خوراک کے لئے اس سال کوئی فنڈز ہی نہیں رکھے‘

توہین عدالت کے دونوں مبینہ ملزمان کی پراسیکیوشن کے لئے ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹس جاری کر کے آئندہ سماعت پر طلب کرلیا گیا۔

تحریری حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے سیکریٹری وزارت موسمیاتی تبدیلی نے رپورٹ جمع کرائی۔

رپورٹ کے مطابق ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایم سی آئی عدالتی حکم پر عملدرآمد میں رکاوٹ بنے۔  رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر  ایم سی آئی نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی۔


متعلقہ خبریں