معیشت کا ہدف آسانی سے حاصل کرلیں گے، مشیرخزانہ


اسلام آباد: مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت نے معیشت کے لیے ٹارگٹ 2.4 فیصد رکھا ہے جو آسانی سے حاصل ہو جائے گا۔

ان کا کہنا تھا جولائی اور اگست کے دوران ریونیو میں 580ارب کا اضافہ ہوا جب کہ گزشتہ ماہ ٹیکس جمع کرنے کا 90 فیصد ہدف حاصل کیا۔

پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے بتایا کہ جولائی اگست میں پچھلے سال کے مقابلے میں 25فیصد ریونیو بڑھا لیکن  بعض شعبوں کے ریونیو میں کمی بھی آئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ریونیو میں تاریخی اضافہ کرنے کی خاطر بڑے اہداف رکھے گئے ہیں۔ پاکستان میں 19 لاکھ لوگ ٹیکس فائلر تھے اور ہماری حکومت میں تعداد 25لاکھ تک بڑھائی گئی ہے اور ٹیکس دینےوالوں کی تعداد میں 27فیصد اضافہ ہوا۔

مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو جب اقتدار ملا توملک کا قرضہ30 ہزار ارب روپے تھا۔ حکومت نے درآمدات میں کمی اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بہتر کیا، بجلی اورگیس کی قیمتوں میں عوام کو رعایت دی اور معیشت کی بہتری کے لیے کفایت شعاری مہم بھی شروع کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ سول ملٹری اداروں نے اپنے اخراجات میں 50ارب روپے کمی کی جب کہ حکومت نے نجی سیکٹر کو بجلی گیس اورقرضوں میں بھی رعایت دی۔

حفیظ شیخ نے بتایا کہ انکم ٹیکس میں 2015 سےآج تک کے درمیانے طبقے کے ریفنڈ مکمل واپس کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو ہر مہینے کی 16تاریخ کو ریفنڈ کیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 5سال کے دوران زراعت کے شعبے میں کوئی ترقی نہیں ہوئی لہذا اس حکومت نے زراعت کے لیے 250ارب کے منصوبے رکھے ہیں۔


متعلقہ خبریں