کاروبار سے متعلق عوامل کو آسان ترین بنایا جائے، وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس جاری

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ کاروبار سے متعلق عوامل کو آسان ترین بنانے اور غیر ضروری اجازت ناموں اور ریگولیشنز کو ختم کرنے پر کام تیز کیا جائے اور اس عمل کی ہفتہ وار رپورٹ پیش کی جائے۔ 

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت  اجلاس میں سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کے لیے کاروبار میں آسانیاں پیدا کئے جانے کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ 

اجلاس میں معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی اور دیگر سینیئر افسران شریک ہوئے۔

وزیر اعظم کو چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے ایس ایم ایز کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے اب تک اٹھائے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار شروع کرنے اور اس حوالے سے ضروری اجازت نامہ و رجسٹریشن کے عمل کو کمپیوٹرائزڈ اور خودکار بنانے پر کام جاری ہے۔ جہاں پروسیجرز کو آسان بنایا جا سکے وہاں شفافیت کو یقینی اور سرخ فیتے کا خاتمہ کیا جا سکے۔

چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز پالیسی فریم (2019-2024) تشکیل دیا جا رہا ہے ۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا  کہ موجودہ حکومت پوری طرح سے کوشاں ہے کہ اداروں اور نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے تمام وسائل برؤے کار لائے جایئں اور اس ضمن میں ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ وزارت قانون کی مشاورت سے کنٹریکٹ انفورسمٹ (معاہدے پر عمل درآمد) کے حوالے سے معاملات اور لینڈ ریونیو ریکارڈ کو مزید منظم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔

یہ بھی پڑھیے: وزیراعظم نے ٹرانسپورٹز کی جانب سے رشوت ستانی کی شکایات کا نوٹس لے لیا


متعلقہ خبریں