مصباح الحق کا چناؤ، چیئرمین پی سی بی کا اپنے ہی فیصلے پر یوٹرن


لاہور: مصباح الحق کو چیف سیلکٹر اور ہیڈ کوچ کا عہدہ دے کر چیئرمین کرکٹ بورڈ احسان مانی نے ماضی میں کیے گئے اپنے ہی فیصلوں پر یوٹرن مار لیا ہے۔

احسان مانی چیئرمین پی سی بی بننے سے قبل کسی شخص کو ایک سے زائد عہدے دینے کے حق میں نہیں تھے اور اسی وجہ سے گزشتہ سال سابق چیف سیلکٹر کو پی ایس ایل کے پلئر ڈرافٹ سے بطور ممبر کمیٹی کے عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔

آج کی پریس کانفرنس میں سی ای او پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ مصباح الحق اگر چاہیں تو وہ پی ایس ایل میں بھی کوچنگ کرسکتے ہیں۔

سی ای او کا کہنا تھا کہ نئے چیف سلیکٹر کو کوچنگ کا تجربہ نہیں ہے اس لیے پی سی بی انہیں معاونت فراہم کرے گا۔

وسیم خان نے باتوں باتوں میں کپتان چننے کا اختیار بھی مصباح الحق کودیا لیکن ہیڈ کوچ نے گیند واپس پی سی بی کے کورٹ میں پھینکتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ بورڈ ہی کرے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آج ہی مصباح الحق کو ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مقرر کیا ہے اور اس سے قبل احسان مانی ایک شخص کو دو عہدے دینے کی مخالفت کرتے رہے ہیں۔

اس فیصلے پر ماہرین کرکٹ کا کہنا ہے کہ بورڈ نےعہدے کے لیے ناتجربہ کار مصباح الحق پر حد سے زیادہ اعتماد کیا ہے اور نئے کوچ کو اس پر پورا اترنے کے لیے محنت کرنی پڑے گی۔


متعلقہ خبریں