پی ایس ایل کی گہما گہمی،انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں


اسلام آباد: پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز ہونے میں چند گھنٹے باقی ہیں۔

میگا ایونٹ کا پہلا میچ آج رات دس بجے  دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ افتتاحی میچ میں گزشتہ پی ایس ایل کی فاتح ٹیم پشاور زلمی اور ایونٹ میں پہلی بار حصہ لینے والی ملتان سلطانز مد مقابل ہوں گی۔

ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ڈیرن سیمی پشاور زلمی کی قیادت کریں گے۔ زلمی اسکواڈ میں کامران اکمل(وکٹ کیپر)، محمد حفیظ، تمیم اقبال، حارث سہیل، ڈیوائن براوو، محمد اصغر، حسن علی، کرس جورڈن، وہاب ریاض، سعد نسیم، حماد اعظم، اینڈرے فلیچر، محمد عارف، خوش دل شاہ، شبیر رحمان، عمید آصف، ریکی ویسل، خالد عثمان، ابتسام شیخ، ثمین گل اور تیمور سلطان شامل ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راونڈر شعیب ملک ٹیم ملتان کے کپتان ہیں۔ ملتان سلطانز کے اسکواڈ میں کمار سنگا کارا(وکٹ کیپر) ، ڈیرن براوو، احمد شہزاد، کیرن پولارڈ، عمران طاہر، سہیل تنویر، شان مسعود، صہیب مقصود، محمد عرفان، جنید خان، کاشف بھٹی، محمد عرفان خان، محمد عباس، نکولس پورن، سیف بدر، عبداللہ شفیق، ہردوس ولجوئن، عمر گل، عمر صدیق، راس ویٹلے، تھیسارا پریرا اور ظہیر خان شامل ہیں۔

میچ سے قبل ملکی اور غیر ملکی فنکاروں سے سجی رنگا رنگ تقریب منقعد کی جائے گی۔ تقریب میں امریکی اسٹار جیسن ڈیریلو کے ساتھ ساتھ علی ظفر اور عابدہ پروین بھی شائقین کرکٹ کو محظوظ کریں گے۔

کراچی کنگز کے لیے پی ایس ایل کا گانا گانے والے شہزاد رائے بھی تقریب میں اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔

دوسری طرف بھارتی کرکٹ شائقین بھی پی ایس ایل کے بخار میں مبتلا دکھائی دے رہے ہیں۔  لیگ کے تمام میچز پہلی بار بھارت میں لایئو ٹیلی کاسٹ کیے جائیں گے۔

سیریز کے پلے آف مقابلے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں جب کہ فائنل میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔


متعلقہ خبریں