پنجاب کے ضلع سرگودھا میں ایک خاندان کے ہاں خوشیوں کا چھکا


 پنجاب کے ضلع سرگودھا میں ایک خاندان کے ہاں خوشیوں کا چھکا لگا ہے، خاتون نے نجی اسپتال میں ایک دو نہیں بلکہ ایک ساتھ چھ بچوں کو جنم دے دیا، اہل خانہ چھ بچوں کی پیدائش پر خوشی سے نہال ہیں۔

سرگودھا کے علاقے پھلروان کی  رہائشی خاتون کے ہاں بیک وقت 6 بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔  نجی اسپتال میں چھ بچوں کی پیدائش سے خاتون کے اہل خانہ خوشی سے نہال ہو گئے۔

ہم نیوز کے نمائندے شیخ عثمان نے بچوں کے اہل خانہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ خوش نصیب جوڑے کی شادی کو سات سال ہو چکے تھے تاہم ان کے ہاں کوئی اولاد نہیں ہوئی تھی اور پورا خاندان ان کے ہاں بچوں کی پیدائش کے لیے دعا گو تھا۔

اسپتال ذرائع کے مطابق پیدا ہونے والوں بچوں  میں 4 بیٹے اور 2 بیٹیاں شامل ہیں۔ بچوں کی پیدائش کے بعد پورے اہل خاندان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور خاندان کے لوگ ایک دوسرے کو مٹھائیاں کھلاتے اور مبارکباد دیتے رہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق تمام بچے اور ان کی والدہ صحت مند ہیں اور انھیں کچھ گھنٹے اسپتال میں رکھنے کے بعد اسپتال سے چھٹی بھی دیدی گئی ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق سرگودھا میں بیک وقت چھ بچوں کی پیدائش کا پہلا واقعہ ہے اس سے قبل اسی اسپتال میں ایک خاتون نے ایک ہی وقت میں پانچ بچوں کو جنم دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے: پولینڈ کی تاریخ میں پہلی بار ایک ساتھ6 بچوں کی پیدائش


متعلقہ خبریں