شیخ رشید کی جنوبی کوریا کو ریلوے میں سرمایہ کاری کی پشکش


اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید آحمد نے جنوبی کوریا کو پاکستان ریلوے میں سرمایہ کاری اور جاری ترقیاتی کاموں میں شراکت داری کی دعوت دے دی۔

ترجمان کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید احمد  نے بدھ  کے روز جنوبی کوریا کے اپنے ہم منصب ہوانگ سیونگ کیو سے  سیئول میں وفود کی سطح پر ملاقات کی۔

جنوبی کوریا کے وفد  سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی انفراسٹرکچر کی ترقی کے لئے سر مایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورین ریل کمپنیاں پاکستان ریلوے کے جاری ترقیاتی منصوبوں سے استفادہ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے کو کوریا کی طرز پر جدید ترین ٹرانسپورٹ بنانا چاہتے ہیں اوراس سلسلے میں کوریا کی پیشہ وارانہ مہارت سے فائدہ اٹھائیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان کراچی سے پشاور 1,872 کلو میٹر لمبے ٹریک کو اگلے پانچ سال میں ہائی سپیڈ ٹریک میں تبدیل کر رہا ہے اور کورین نجی کمپنیاں منصوبے میں شامل ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان ریلوے کراچی کے سب سے بڑے منصوبے سے پیچھے ہٹ گیا

انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے گوادر پورٹ کو ریل کے ذریعے پاکستان کے دیگر شہروں اور چین اور ترکی کے ذریعے یوروپین ریل نیٹ ورک سے ملانے کے لئے کام کر رہا ہے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ دیانت دار قیادت کی بدولت کرپشن فری پاکستان سر مایہ کاری کے لئے بہترین ملک بن چکا ہے۔

انہوں نے اپنے کورین ہم منصب  کو پاکستان دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ کورین کاروباری اور صنعت کار کمپنیوں کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہیں گے۔

کورین وزیر نے گلوبل انفراسٹرکچر تعاون کانفرنس میں شرکت پر پاکستانی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات کے دوران شیخ رشید نے کورین وزیر ہوانگ سیونگ کیو کو پاکستان کی روایتی ہینڈی کرافٹ تحفے میں پیش کی۔


متعلقہ خبریں