سراج درانی کی درخواست ضمانت کی سماعت 17 ستمبر تک ملتوی


کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور دیگر کی درخواست ضمانت کی سماعت 17 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

آغا سراج درانی، مسیح الدین، گلزار، احمد اور دیگر کی درخواست ضمانت کی سماعت نیب ٹیم کے حج پر جانے کے باعث ملتوی ہوئی۔

دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ نیب تفتیشی ٹیم حج پر گئی ہے، جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ حج آپریشن مکمل ہو چکا ہے تو ابھی تک تفتیشی افسر واپس کیوں نہیں آیا؟

نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ وہ مدینہ منورہ میں ہیں 14 ستمبر کو وطن واپس پہنچ جائیں گے۔

اس کے بعد عدالت نے تمام ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت 17 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کرپشن کے مقدمے میں جیل میں ہیں جبکہ ملزم مسیح الدین، گلزار اور احمد دیگر نے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔

ملزمان کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت میں زیر سماعت ہے۔

مزید پڑھیں : اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے خلاف ریفرنس دائر

مئی میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے آغا سراج درانی کے خلاف کراچی کی  احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا تھا جس میں ان سمیت 20 ملزمان پر ایک ارب 60 کروڑ روپے کی بدعنوانی کا الزام عائد کیا۔

ریفرنس کے مطابق  آغاسراج درانی نے ایک ارب 60کروڑ روپے سے زائد کے اثاثے بنائے ہیں جن میں سے انہوں نے کچھ جائیدادیں فروخت بھی کردی ہیں۔

آغا سراج درانی کے غیر قانونی اثاثہ جات میں گھر اور35 گاڑیاں شامل ہیں، ان کے لاکر سے 350 تولہ سونا بھی برآمد ہواہے، ملزم اور دیگر اہلخانہ سے 11کروڑ روپے کی قیمتی گھڑیاں بھی ریڈ کے دوران برآمد کی گئیں۔

ریفرنس کے مطابق اثاثوں میں 11 گاڑیاں، بیٹے، اہلیہ اور بیٹوں کے نام پر کراچی اور ایبٹ آباد میں جائیداد ہیں، جائیدادوں کی رقم کی ادائیگی ملازمین کے نام سے کی گئی۔


متعلقہ خبریں