سارک اسنوکر چیمپئن شپ ،پاکستان کے محمد بلال نے بھارتی کھلاڑی کو ہرا دیا


سارک اسنوکر چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں پاکستان کے محمد بلال نے اپنے بھارتی حریف کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ 

بنگلہ دیش کے دار الحکومت ڈھاکہ میں جاری سارک اسنوکر چیمپئن شپ دوہزار انیس کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کے محمد بلال کا ٹاکرا بھارتی کیوئسٹ سندھیپ گلاٹی سے ہوا۔

محمد بلال نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے گیارہ فریم کے میچ میں بھارتی حریف سندھیپ گلاٹی کو صفر کے مقابلے میں چھ  فریم سے شکست دے کر فائنل کھیلنے کا موقع  اپنے نام کرلیا۔

محمد بلال کے مدمقابل بھارتی کھلاڑی کوئی ایک فریم بھی اپنے نام نہ کرسکے، دوسری جانب دوسرے سیمی فائنل میں اسجد اقبال کا مقابلہ جاری ہے۔

اسجد اقبال نے نیپالی کھلاڑی دیپک مگار کو کوارٹر فائنل میں شکست دی تھی جبکہ محمد بلال نے نیپال کے ہی دوسرے کیوئسٹ اے ایم شریستھا کو آؤٹ کلاس کیا تھا۔

اسنوکر چیمپئن شپ میں میزبان ملک کے علاوہ پاکستان، بھارت، نیپال اور سری لنکا کے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔

میزبان ملک سے 4 جبکہ دیگر ممالک سے دو، دو کیوئسٹس ایونٹ میں شریک ہیں جنہیں چار مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

فاتح کیوئسٹ کو 2500 ڈالرز، رنر اپ کو 1500 ڈالرز جبکہ چوتھی اور پانچویں پوزیشن حاصل کرنے والے کیوئسٹس کو 1000 ڈالرز نقد انعام دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے: سارک اسنوکر چیمپئن شپ 2019: پاکستانی کھلاڑیوں کی کوارٹر فائنل میں رسائی

 


متعلقہ خبریں