اسلام آباد لاک ڈاؤن: جے یو آئی ف کی حکمت عملی کی تفصیلات سامنے آ گئیں


اسلام آباد لاک ڈاؤن  کے حوالے سے جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف  نے حکمت عملی تیار کرلی ہے جس کے مطابق ہر ضلع سے دو دو سو سے زائد رضاکار تیار کئے جائیں گے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ دس ہزار رضاکاروں کو دھرنے سے قبل ہی اسلام آباد پہنچا دیا جائے گا۔ اسلام آباد میں موجود رضاکار دھرنے کی سیکیورٹی اور دیگر انتظامات پر مامور ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق مختلف مقامات سے نکلنے والے قافلے روکے جانے کی صورت میں انہی مقامات پر دھرنے دئیے جائیں گے۔مقامی قیادت کو دیگر جماعتوں کا انتظار کئے بغیر تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ آج جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کو گھر بھیجنے کا لائحہ عمل مرتب کر لیا ہے۔

انہوں نے یہ بات جامعہ عثمانیہ پشاور میں وفاق المدارس کے صوبائی ناظم مولانا حسین احمد سے ان کے والد کی وفات پر تعزیت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کی۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت ناجائز اور نااہل ہے اس لیے اسے رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ حکومت کو ہٹانے کا پلان تو مرتب کر لیا ہے مگر فی الحال اس کی تفصیلات نہیں بتاؤں گا۔

یہ بھی پڑھیے: حکومت کو گھر بھیجنے کا لائحہ عمل مرتب کر لیا، فضل الرحمان

انہوں نے کہا کہ یہ حکومت عوامی مینڈیٹ چوری کر کے بنی ہے اور اس کے خلاف اکتوبر میں پوری قوم کو اسلام آباد میں جمع کریں گے۔

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ نے کہا کہ ہمارا دھرنا اسٹیبلشمنٹ نہیں عوام کا دھرنا ہو گا جس میں اپوزیشن جماعتیں بھی شامل ہوں گی۔ انہوں نے دھرنے سے متعلق مزید بتایا کہ میری گرفتار ی سے بھی اسلام آباد مارچ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا بلکہ مارچ کی دوسری اور تیسری قیادت موجود ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم کسی حال میں بھی 25 جولائی کے جعلی انتخابات کے نتیجے میں مسلط کردہ نااہل حکومت کو تسلیم نہیں کریں گے۔


متعلقہ خبریں