’رواں مالی سال  میں 579ارب روپے کے محاصل جمع کئے جاچکے ہیں’


اسلام آباد: وفاق میں ٹیکس جمع کرنے والے ادارے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی نے کہاہے کہ رواں مالی سال  میں اگست 2019 تک 579ارب روپے کے محاصل جمع کئے جاچکے ہیں۔

انہوں نے یہ بات وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی کارکردگی اور ایف بی آر میں اصلاحات کے حوالے سے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتائی ہے۔

چیئرمین ایف بی آر شبرزیدی  نے وزیرِ اعظم کو گزشتہ ایک سال کی کارکردگی اور اصلاحات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔

انہوں نے کہا کہ  رواں سال ریونیو پچھلے سال کے مقابلے میں 14.65فیصد اضافہ ظاہر کر تا ہے۔رواں سال فائلرز کی تعداد میں سات لاکھ تراسی ہزار سے زائد افراد کا اضافہ ہوا ہے۔

وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ 2017میں یہ تعداد 1514817 تھی جوکہ اب 2561099تک پہنچ گئی ہے۔ڈومیسٹک ٹیکس کلیکشن میں 28فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

چیئرمین ایف بی آر نے وزیراعظم کو بتایا کہ رجسٹریشن، ٹیکس سرٹیفیکیٹ کے اجراء، ٹیکس ریٹرن جمع کرانے اور آڈٹ سمیت تمام مراحل کو خود کار (Automated) اور کمپیوٹرائزڈ کیا جا رہا ہے تاکہ اس سارے عمل میں ایف بی آر کے اہلکاروں سے شخصی طور پر رابطہ قائم کرنے کی ضرورت کو ختم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ عوام الناس کی سہولت کے لئے ایف بی آر کی جانب سے “معلومات”اور نادرا کی شراکت سے”سہولت”ویب پورٹل کا اجراء کر دیا گیا ہے،ہر شخص کو مختلف محکموں کی جانب سے ایف بی آر کو موصول شدہ مالی تفصیلات آن لائن اور آسانی سے میسر آ سکیں۔

شبرزیدی نے کہا کہ عوام الناس کی شکایات کے ازالے کے لئے آن لائن نظام کو مزید موثر بنایا جا چکا ہے۔ اس طرح ایف بی آر کے اہلکاروں سے متعلق شکایات کا فوری ازالہ کیا جا سکے گا۔

چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ گزشتہ سالوں سے زیر التوا 16ارب روپے کے ریفنڈ ز واپس کیے جا چکے ہیں،17ارب اس ماہ کے آخر تک جاری کیے جائیں گے۔


متعلقہ خبریں