پاکستان کشمیریوں کوکبھی تنہا اور حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گا، آرمی چیف



اسلام آباد: ملک بھرمیں آج یوم دفاع و شہداء ” کشمیر بنے گا پاکستان” کے نعرہ کے ساتھ  منایا جا رہا ہے۔

شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں منعقد یوم دفاع کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی بنیادوں میں شہیدوں کا لہو شامل ہے۔ 1947 سے آج تک شہدا نے جانوں کی قربانی دے کر ملکی سلامتی کو بچایا۔

ان کا کہنا تھا کہ یوم دفاع و شہدائے پاکستان کے موقع پر بات کرنا باعث فخر ہے، بہادر خاندانوں کے احساسات دیکھ کر میرے اعتماد میں اضافہ ہوا،جب تک آپ جیسے بہادر موجود ہیں پاکستان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔

کشمیر کے معاملے پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کشمیر تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے، وہاں بھارتی ظلم و بربر یت بڑھتی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کوکبھی تنہا اور حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گا، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ ہم  کشمیر کیلیے آخری گولی آخری سانس آخری سپاہی تک لڑنے کیلیے تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عالمی تنظیموں کیلیے لمحہء فکریہ ہیں اور ان کے حقوق پر حملہ دنیا کےلیے چیلنج ہے۔

واضح رہے وزیراعظم عمران خان مظفرآباد میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کی تقریب سے خطاب کریں گے۔

وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق صوبائی دارالحکومتوں میں خصوصی تقریبات ہوں گی جن میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔

انہوں نے پاکستانی عوام کو یوم دفاع پر شہدا کے خاندانوں کے پاس جانے اور شکریہ ادا کرنے کی بھی ہدایات دی ہیں۔

دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یوم دفاع کے موقع پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ آج ہم یوم دفاع کے ساتھ ساتھ کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کا دن  بھی منا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم نے بھارت کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ پاکستان اور کشمیر بھارتی یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کو مسترد کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ  1965 میں جس طرح پاکستان نے اپنا دفاع کیا تھا اسی طرح اب بھی کشمیر کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستانی تب تک سوئیں گے نہیں جب تک بھارت مقبوضہ کشمیر  میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ختم نہیں کرے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت ملنے تک ہم سکون سے نہیں بیٹھیں گے۔

 


متعلقہ خبریں