مر کے بھی چین نہ پایا۔۔۔ اداکار عابدعلی کی بیٹی نے سوتیلی والدہ پر الزام لگادیا

مر کے بھی چین نہ پایا۔۔۔ اداکار عابدعلی کی بیٹی نے سوتیلی والدہ پر الزام لگادیا

کراچی: فلم اور ٹی وی کے ممتاز اداکار عابد علی کی پہلی اہلیہ کی بیٹی راحمہ علی نے اپنی سوتیلی والدہ پہ الزام عائد کیا ہے کہ وہ ان کے والد کی میت بنا بتائے اسپتال سے اپنے گھر لے گئی ہیں۔ انہوں نے یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ عابد علی کی دوسری اہلیہ رابعہ نورین یہ ہدایات بھی دی ہیں کہ وہ اوران کی بہنیں اپنے ہی والد کی تدفین میں شرکت کے لیے ان کے گھر نہ آئیں۔

67 سال کی عمر میں داغ مفارقت دینے والے ٹی وی اداکار عابد علی گزشتہ کچھ عرصے سے جگر کے عارضے میں مبتلا تھے۔ وہ شہر قائد کے  ایک نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ گزشتہ شب ان کا انتقال ہوگیا تھا۔

سوشل میڈیا نے عابدعلی کے اہل خانہ کو روحانی و ذہنی کرب میں مبتلا کردیا

کوئٹہ میں جنم لینے والے اور متعدد ڈراموں میں اپنی لازوال اداکاری کے نقش ثبت کرنے والے معروف اداکار نے پہلی شادی حمیرا علی سے کی تھی۔ انہوں نے دوسری شادی رابعہ نورین سے کی تھی۔ ان کی دونوں اہلیاؤں کا تعلق شوبز سے تھا۔

عابد علی کی پہلی اہلیہ سے تین بیٹیاں ہیں جن میں سے ایک راحمہ علی نے گزشتہ شب سماجی رابطے کی ویب سائٹ پہ جاری کردہ اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں آپ سب کو بتانا چاہتی ہوں کہ میرے والد کی دوسری اہلیہ رابعہ نورین ہمیں بغیر بتائے اسپتال سے میرے بابا کی میت لے کر چلی گئی ہیں۔

عابد علی کا ریڈیو سے فلم تک کا سفر انہی کی زبانی

راحمہ علی کی دیگر دو بہنوں میں ایمان علی اور مریم علی شامل ہیں۔ ایمان علی بھی شوبز سے تعلق رکھتی ہیں جب کہ راحمہ علی بطور گلوکارہ کے اپنی شناخت بنانے کی کوشش میں مصروف ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری کردہ اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ میں، میری ماں، میری بہنیں، میرے پھوپھا اور پھوپھی سب اسپتال میں بے بس ہوکر بیٹھے ہیں۔ انہوں نے اپنی سوتیلی والدہ پر الزام عائد کیا کہ رابعہ نورین نے میری پھوپھی سے کہا ہے کہ یہ عورتیں یعنی عابد علی کی بیٹیاں ان کے گھر نہیں آسکتی ہیں۔

اداکار عابد علی انتقال کر گئے

عابد علی کی صاحبزادی راحمہ کے مطابق ہمیں نہیں معلوم کہ میرے والد کی نمازِ جنازہ کب ہوگی؟ کہاں ہوگی؟ اور تدفین کہاں کی جائے گی؟ انہوں نے روتے ہوئے استفسار کیا تھا کہ کچھ سمجھ میں نہیں آرہا ہے کہ اس مشکل گھڑی میں ہم کیا کریں؟

راحمہ علی نے دو دن قبل بھی اس وقت سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے والد کے انتقال کی جھوٹی خبر کی تردید کی تھی اور لوگوں سے اپیل کی تھی کہ وہ زندہ ہیں انہیں زندہ رہنے دیں۔ انہوں نے اپیل کی تھی کہ ان کے والد کی صحتیابی کے لیے دعا کی جائے۔


متعلقہ خبریں