’مقبوضہ کشمیر پر حملہ پاکستان پر حملہ ہے‘

جنگ کا آغاز بھارت نے کیا، انجام ہم کریں گے، صدر آزاد کشمیر


مظفرآباد: صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر پر حملہ پاکستان پر حملہ ہے۔

یوم دفاع اور یکجہتی کشمیر کے موقع پر مظفر آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے 60 لاکھ افراد پاک فوج کا حصہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنگ کا آغاز ہندوستان نے کیا ہے لیکن اسے انجام تک ہم پہنچائیں گے۔

مسعود خان نے کہا کہ آج یوم دفاع، یکجہتی کشمیر اور شہداء کے ورثاء کا شکریہ ادا کرنے کا دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے چھ جنگیں لڑی ہیں، بھارت نے 1965 میں پاکستان کو للکارا تھا تاہم قوم نے دشمن کو سبق سکھایا تھا۔

صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ رواں سال بھی پاکستانی قوم نے مثالی اتحاد کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پانچ اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت پر حملہ کیا گیا اور کشمیریوں سے اُن کی شناخت چھیننے کی کوشش کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا منصوبہ ہے کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدل دیں۔

مسعود خان نے کہا کہ پانچ اگست کے بعد پوری قوم نے یکجہتی کا مظاہرہ کیا جبکہ پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو ایک بار پھر سلامتی کونسل میں اٹھایا۔

انہوں نے بتایا کہ عالمی میڈیا نے بھی مقبوضہ کشمیر کے مظالم کو اجاگر کیا جبکہ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مہم بھی شروع کی ہے۔

صدر آزاد کشمیر کے مطابق اقوام متحدہ نے بیانات تو دیئے مگر عملی قدم نہیں اٹھایا جو کہ اس کو اٹھانا چاہیے تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے پیچھے جنگی جنون اور ہندو قوم پرستی ہے۔


متعلقہ خبریں