ملک بھر میں یوم دفاع کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے ساتھ منایا جارہا ہے


اسلام آباد: ملک بھرمیں آج یوم دفاع و شہداء ” کشمیر بنے گا پاکستان” کے نعرہ کے ساتھ  منایا جا رہا ہے۔

یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی ذمہ داریاں پاکستان ایئر فورس نے سنبھال لیں۔

اس موقع پر ایئر وائس مارشل حامد رشید کا کہنا تھا کہ 1965 میں 6 جہازوں نے بی آر بی نہر پر جاکر زمینی افواج کے لیے راہ ہموار کی، اگر
آج بھی ٹینکوں کے سامنے لیٹنا پڑا تو دیر نہیں کریں گے۔

ملک بھر کی طرح پشاورمیں بھی یوم دفاع کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاک فوج کے جوانوں کی مہارت پر فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔

تقریب میں  بری، بحری اور فضائی جنگی سازوسامان کو نمائش کے لیے بھی پیش کیا گیا جس سے شہری خوب محظوظ ہوئے۔

تقریب کے مہمان خصوصی کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر تھے جنہوں نے شاندار مہارت کا مظاہرہ کرنے والے افواج پاکستان کے جوانوں کی حوصلہ افزائی کی۔

یوم دفاع وشہدا کے موقع پر نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں بھی تقریب کا انعقاد کیا گیا، وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے یادگار شہدا پر حاضری دی اورفاتحہ خوانی کی۔

اس دوران پاک بحریہ نے یوم دفاع کے موقع  پرپرومو بھی جاری کردیا جس میں وطن سے محبت کا بھرپور اظہار کیاگیا ہے۔

پاک  بحریہ کے ترجمان کے مطابق پرومو اس اعتماد کا مظہر ہے کہ دھرتی ماں کی حفاظت کے لئے پاک بحریہ کے افسر اور جوان ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔

مزید برآں یوم دفاع کے حوالے سے قوم کے نام اپنے پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ 6 ستمبر قومی ولولوں کی یاد تازہ کرنے کا دن ہے، آج عہد کرتے ہیں کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلا کر رہیں گے۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے بھی شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ کشمیریوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں، کشمیر کے مسئلے پر اپوزیشن اور حکومت کو ایک پیج پر ہونا چاہیے۔

وفاقی وزیر قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم کا کہنا ہے کہ پاکستان کا دفاع مضبوط اور نا قابل تسخیر ہے، عہد کرتے ہیں کہ مظلوم کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ ہمارے شہداء قوم کا فخر ہیں جنہوں نے جذبہ شہادت سے دفاع وطن کی لازوال داستاں رقم کی۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے لئے بھی پیغام ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔


متعلقہ خبریں