شرجیل میمن کے خلاف ریفرنس دائر کرنے اور بابرغوری کے خلاف انکوائری کی منظوری


اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) کے ایگزیکٹور بورڈ نے  سابق وفاقی وزیر بابرخان غوری، سندھ کےسابق صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن ، سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد اور سینیٹر کلثوم پروین اوردیگر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے اور انکوائریوں کی منظوری دیدی ہے۔ 

قومی احتساب بیورو کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ  جاوید اقبال کے زیرصدارت اجلاس میں مذکورہ سیاسی رہنماؤں اورسرکاری افسران کے خلاف ریفرنس دائر کرنے اورا نکوائریوں کی منظوری دی گئی ۔

نیب اعلامیے کے مطابق پیپلزپارٹی کے رہنما  شرجیل انعام میمن کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی ۔

سابق ایم ڈی پی ایس او عرفان خلیل کے خلاف کرپشن ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ اسی طرح اختیارات کے ناجائز استعمال پر عبدالحمید اور دیگر کے خلاف  بھی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی ۔

رہنما ایم کیو ایم بابرخان  غوری ، سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور حکومت میں پرنسپل سیکرٹری رہنے والے فواد حسن فواد اور سینیٹر کلثوم پروین کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی ۔

نیب ایگزیکٹو بورڈ نے سابق رکن صوبائی اسمبلی سکھر اویس شاہ سمیت 12 انکوائریوں کی منظوری دی ہے ۔


متعلقہ خبریں