پنجاب میں سرکاری فیسوں کی آن لائن ادائیگی کی سہولت کا آغاز


لاہور:پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں سرکاری فیسوں کی آن لائن ادائیگی کی سہولت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ 

یہ بات آج لاہور میں چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتائی گئی۔

کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے حوالے سے صوبائی ورکنگ گروپ کے اجلاس میں مختلف اصلاحات پر پیشرفت کا جائزہ  لیا گیا۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ حکومت کاروبار میں آسانی پیدا کر کے سرمایہ کاروں کیلئے ساز گار ماحول فراہم کر رہی ہے۔ مختلف شعبوں میں اصلاحات پر عملدرآمد کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔

یوسف نسیم کھوکھر نے کہا کہ ٹھوس اقدامات کے باعث کاروبار میں آسانی سے متعلق عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی رینکنگ بہتر ہوگی۔

دوران اجلاس اجازت نامے کے حصول کے عمل کو آسان بنانے پر پیش رفت نہ ہونے پر  چیف سیکرٹری  پنجاب نے محکمہ ماحولیات  کے افسران پر اظہار برہمی کیا ۔

دوران اجلاس دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا کہ تعمیر کی اجازت کے حصول کو آسان بنایا گیا ہے۔پنجاب میں جائیداد کے اندراج کے طریقہ کار کو مکمل طور پر خود کار بنایا جائے گا۔

اجلاس میں محکمہ صنعت، منصوبہ بندی و ترقیات، قانون کے سیکرٹریز، چیئرمین پی آئی ٹی بی، سی ای اولیسکو اور متعلقہ افسران  نے شرکت کی ۔

یہ بھی پڑھیے: پنجاب  میں ڈاکٹرز ،نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف  کی سرکاری حیثیت ختم


متعلقہ خبریں