وزیراعظم، آرمی چیف ایل او سی پہنچ گئے


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پہنچ گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیراعظم اور آرمی چیف شہداء کے خاندانوں اور جوانوں سے ملاقاتیں کریں گے۔

وزیراعظم اور آرمی چیف کے علاوہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک اور چئیرمین کشمیر کمیٹی بھی ایل او سی پہنچے ہیں۔

ملک بھر میں آج یوم دفاع و شہداء ” کشمیر بنے گا پاکستان” کے نعرہ کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی ذمہ داریاں پاک فضائیہ نے سنبھال لیں۔

ملک بھر کی طرح پشاورمیں بھی یوم دفاع کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاک فوج کے جوانوں کی مہارت پر فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔

تقریب میں  بری، بحری اور فضائی جنگی سازوسامان کو نمائش کے لیے بھی پیش کیا گیا جس سے شہری خوب محظوظ ہوئے۔

شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں منعقد یوم دفاع کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی بنیادوں میں شہیدوں کا لہو شامل ہے۔ 1947 سے آج تک شہدا نے جانوں کی قربانی دے کر ملکی سلامتی کو بچایا۔

ان کا کہنا تھا کہ یوم دفاع و شہدائے پاکستان کے موقع پر بات کرنا باعث فخر ہے، بہادر خاندانوں کے احساسات دیکھ کر میرے اعتماد میں اضافہ ہوا،جب تک آپ جیسے بہادر موجود ہیں پاکستان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔

کشمیر کے معاملے پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کشمیر تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے، وہاں بھارتی ظلم و بربر یت بڑھتی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کوکبھی تنہا اور حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گا، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ ہم  کشمیر کیلیے آخری گولی آخری سانس آخری سپاہی تک لڑنے کیلیے تیار ہیں۔


متعلقہ خبریں