مصباح کے دو عہدوں پر شعیب اختر کا طنز

’حیرت ہے کہ مصباح الحق کو چیئرمین پی سی بی نہیں بنایا گیا‘


اسلام آباد: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے سابق کپتان مصباح الحق کو کوچ منتخب ہونے پر مبارک باد دی تاہم ساتھ ہی طنز بھی کر ڈالا کہ انہیں حیرت ہے کہ مصباح کو چیئرمین پی سی بی کیوں نہیں بنایا گیا۔

دو روز قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایک اعلامیے میں مصباح الحق کو ہیڈ کوچ جبکہ وقار یونس کو بولنگ کوچ بنانے کا اعلان کیا تھا۔

تاہم مصباح کو ہیڈ کوچ کے ساتھ ساتھ چیف سِلیکٹر کی بھی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں جسے کچھ حلقوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

پاکستان کرکٹ میں طویل عرصے سے یہ دونوں عہدے الگ الگ ہی رہے ہیں تاہم چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی ٹیم اس سلسلے میں مختلف خیالات رکھتی ہے۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں شعیب اختر کا کہنا تھا کہ مصباح کے دہرے کردار پر میں انہیں مبارک باد دیتا ہوں۔

انہوں نے ازراہ مذاق کہا کہ میں حیران ہوں کہ انہیں چیف سیلیکٹر کیوں نہیں بنایا گیا۔

ٹوئٹ کے اختتام پر انہوں نے لکھا کہ وہ مذاق کررہے ہیں اور پرامید ہیں کہ پہلے کی طرح وہ پاکستان کے لیے کارنامے سرانجام دیں گے۔

ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے سابق کپتان وقار یونس کو بھی مبارک باد دی اور کہا کہ ہمیں ان کے تجربے سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وقار بھائی کو گزشتہ ادوار کے برعکس اس مرتبہ نئے انداز میں ٹیم کو لیکر چلنا چاہیے تاکہ پاکستان کے لیے بہتر نتائج آسکیں۔


متعلقہ خبریں