گگلی ماسٹر عبدالقادر کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

مکی آرتھر نے پاکستان کی کرکٹ کو برباد کر دیا، عبد القادر

لاہور: سابق ٹیسٹ کرکٹر اور نامور گگلی ماسٹر عبدالقادر کی نماز جنازہ میاں میر دربار میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابقہ اور موجودہ کھلاڑیوں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

عبدالقادر کے صاحبزادے سلمان قادر کے مطابق اچانک ہارٹ اٹیک کے باعث انہیں سروسز اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے لئے عبدالقادر نے 67 ٹیسٹ اور 104 ون ڈے انٹر نیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کی ۔ عبدالقادر نے 1977 میں انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ ڈبیو کیا تھا۔

مایہ ناز لیگ اسپنر نے اپنے کرکٹ کیرئیر میں مجموعی طور پر 368 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔

انہوں نے پہلا ٹیسٹ 1977میں انگلینڈ کے خلاف کھیلا تھا اور  ون ڈے کرکٹ میں پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف 1983میں کھیلا۔

عبدالقادر پاکستان کرکٹ  ٹیم کے چیف سلیکٹر رہے انہوں نے ایک عرصہ کرکٹ میچوں کے لئے کمینٹری بھی کی ۔

عبد القادر کراچی میں 15 ستمبر 1955 کو پیدا ہوئے تھے ۔

عبدالقار نے 6بچوں اور بیوی کو سوگوار چھوڑا ہے۔ عبدالقادر کے چار بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں۔ مرحوم معروف کرکٹر عمر اکمل کے سسر تھے .

وسیم اکرم کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ دنیا کے کرکٹرز عبدالقادر کو جادو گر کہا کرتے تھے ،  جب انہوں نے میری آنکھ میں دیکھا تو کہا بیس سال تک کرکٹ کھیلو گے۔ میں نے ان پر یقین کیا وہ واقعی جادو گر تھے۔ دنیا عبدالقار کو یاد کرے گی مگر بھولے گی نہیں۔

پاکستان کے سابق مایہ ناز فاسٹ بالر شعیب اختر نے کہاہے کہ عبدالقادر کے انتقال پر دلی دکھ ہے۔ میری تمام تر ہمدردیاں سابق ٹیسٹ کرکٹر کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ عبدالقادر نے مجھے 2009 میں سیلکٹ کیا تھا۔

شعیب اختر نے کہا کہ عبدالقادرکی وجہ سے میں نے قومی ٹیم میں کم بیک کیا۔انہوں نے مجھ پر بہت بڑا احسان کیا ہے۔

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا معروف سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیاہے۔ سردارعثمان بزدارنے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اوراظہار تعزیت کیاہے۔

وزیر اعلی  پنجاب نے  کرکٹ کے کھیل خصوصا بالنگ کے شعبہ میں عبدالقادر مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیاہے۔

سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ عبدالقادر مرحوم نے سپن باؤلنگ میں اپنا منفردنام پیدا کیا۔ کرکٹ آج ایک بین الاقوامی شہرت کے حامل سپنراور عظیم کھلاڑی سے محروم ہو گئی ہے۔

وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر کے انتقال پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

سعید غنی کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر نے جب تک کرکٹ کھیلی اس نے ہمیشہ پاکستان کا نام روشن کیا۔

انہوں نے کہا کہ عبدالقادر کی گگلی بولنگ سے سامنے والی ٹیم کے اچھے اچھے بیٹسمین گھبرا جاتے اور پاکستان نے متعدد بار ان کی تباہ کن بولنگ کے باعث بڑے بڑے میچز میں فتح حاصل کی۔


متعلقہ خبریں