گگلی ماسٹر عبدالقادر کی وفات پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا بیان


لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ پی سی بی لیجنڈری لیگ اسپنر عبدالقادر کے انتقال پر دکھ کا اظہار اور اہلخانہ سے تعزیت کرتا ہے۔

اس موقع پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ عبدالقادر کی وفات ایک افسوسناک خبر ہے۔ میں پی سی بی کی جانب سے مرحوم کے لواحقین سے افسوس کا اظہا ر کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کی طرح پی سی بی بھی عبدالقادر کی پاکستان اور کرکٹ کے لیے خدمات پر فخر کرتا ہے۔ ان کی خدمات اور کامیابیاں صرف گراؤنڈ تک محدود نہیںہیں بلکہ عبدالقادر نے اپنی لیگ اسپن کا تجربہ نوجوان کھلاڑیوں تک پہنچایا۔

احسان مانی نے کہا کہ عبدالقادر نہ صرف گیند پر مہارت رکھتے تھے بلکہ وہ ایک قابل احترام اور معتبر شخصیت تھے۔ کرکٹ کے وسیع تجربے اور ڈسپلن کی بنیاد پر دنیا بھر میں عبدالقادر کا ایک خاص مقام تھا۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ عبدالقادر نے کرکٹ میں اسپرٹ آف کرکٹ کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ انہوں نے ڈسپلن سے اپنے دشمنوں کو بھی دوست بنایا۔احسان مانی نے کہا کہ دنیائے کرکٹ آج ایک عزیم کرکٹر سے محروم ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ عبدالقادر کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اس مشکل گھڑی میں پی سی بی عبدالقادر کے اہلخانہ اور دوستوں کے ساتھ کھڑاہے۔

اس موقع پر چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ عبدالقادر کی وفات پر اظہار افسوس کے لیے الفاظ نہیںہیں۔ انہوں نے کہا کہ عبدالقادر جیسی عظیم شخصیت صدیوں میں ایک ہی بار پیدا ہوتی ہے اور آج پاکستان کرکٹ ایک ایسی ہی محبوب شخصیت سے محروم ہوگئی ہے۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ بے شک عبدالقادر اب ہمارے درمیان نہیں رہے مگر دنیائے کرکٹ میں ا ن کی شہرت اور نوجوان کھلاڑیوں کے پاس ان کا سیکھایا ہوا اسپن بولنگ کا آرٹ ہمیشہ زندہ رہے گا۔

وسیم خان نے کہا کہ عبدالقادر اپنے وقت کے ایک عظیم کرکٹر تھے۔

لیجنڈری اسپنر عبدالقادر نے 67 ٹیسٹ میچوں میں 236 اور 104 ایک روزہ میچوں میں 167 وکٹیں حاصل کیں۔

عبدالقادر نے پاکستان کے لیے اپنے 16 سالہ کرکٹ کیریئر کا آغاز دسمبر 1977 میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ سے کیا۔عبدالقادر کی ٹیسٹ کرکٹ میں بہترین کارکردگی 56 رنز کے عوض 9 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنا تھا۔

انہوں نے 1983 سے 1993 تک پاکستان کے لیے ایک روزہ کرکٹ کھیلی۔

عبدالقادر 2008 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر بھی رہے۔

یہ بھی پڑھیے: گگلی ماسٹر عبدالقادر انتقال کرگئے


متعلقہ خبریں