’عمران صاحب آپ کی ایک اور سازش ناکام ہوگئی  ہے‘


اسلام آباد: ‎پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے  جج وڈیو اسکینڈل میں ملوث ملزمان کی بریت پر حکومت خاص طور پر وزیراعظم عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ 

مریم اورنگزیب کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ’’‎عمران صاحب !آج ایک بار پھر آپ کا جھوٹ، جعلسازی اور سیاسی انتقام ثابت ہوگیا،‎آج ثابت ہوگیا کہ آپ نے اپنے سیاسی انتقام کے لئے ایف آئی اے کو استعمال کیا۔ ‘‘

انہوں نے کہا ’’‎آج پھر ثابت ہوگیا کہ محمد نوازشریف کے خلاف جج کو بلیک میل کرکے فیصلہ لیاگیا۔ ‎عمران صاحب آپ کی ایک اور سازش اور کوشش ناکام ہوگئی  ہے۔ ‘‘

مسلم لیگ ن کی ترجمان نے کہا ’’عمران صاحب آپ کا رانا ثناءاللہ، شاہد خاقان عباسی، مریم نواز، حمزہ شہباز، سعد رفیق، سلمان رفیق سمیت دیگر سیاسی اسیران کے خلاف جھوٹ بھی آخر بے نقاب ہوکر رہے گا۔ ‘‘

مریم اورنگزیب نے کہا’’‎عمران صاحب اب آپ مزید کسی جھوٹ، جھوٹے مقدمے اور جعلی جذباتی مکالموں کے پیچھے نہیں چھپ سکتے۔ ‎آپ کی نااہلی، نالائقی اور جھوٹ دن کی روشنی کی طرح قوم کے سامنے آچکا ہے۔ ‘‘

انہوں نے کہا کہ ‎آج ایک بارپھر وقت نے گواہی دی ہے کہ نوازشریف بے گناہ ہیں انہیں  رہا کیاجائے۔

واضح رہے کہ آج  جج ارشد ملک ویڈیو الزامات کیس میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی جانب سے تین ملزموں کو بے گناہ قرار دیے جانے کے بعد عدالت نے بھی انہیں بری کر دیا ہے۔

ایف بی آر نے عدالت میں اپنی تفتیشی رپورٹ پیش کی جس کے مطابق ملزمان ناصر جنجوعہ، خرم یوسف اور غلام جیلانی کے خلاف کوئی شواہد نہیں ملے۔

عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے تینوں ملزمان کو بری کر دیا اور ان کے نام مقدمے سے خارج کر دیے۔

اس سے قبل جج شائستہ کنڈی نے مقدمہ سننے سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اسے کسی دوسرے جج کے پاس بھیج رہی ہیں جو اس کی مزید سماعت کریں گے۔

ملزموں کے وکیل نے اس موقع پر جج سے درخواست کی کہ اگر کوئی چاہتا ہے کہ آپ یہ مقدمہ نہ سنیں تب بھی آپ کو اس کی سماعت کرنی چاہیے۔

جج شائشتہ کنڈی نے وکیل کے اصرار کے باوجود سماعت سے معذرت کی اور کہا کہ وہ ایک بار کہہ چکی ہیں، مزید کچھ نہیں کہہ سکتیں۔

انہوں نے وضاحت کی کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر مقدمہ کی سماعت نہیں کر سکتیں۔

جج شائستہ خان کنڈی کی معذرت کے بعد تینوں ملزمان جوڈیشل مجسٹریٹ ثاقب جواد کی عدالت میں پیش ہو گئے جنہوں نے محفوظ فیصلہ سنایا۔

یہ بھی پڑھیے: جج ویڈیو اسکینڈل کیس میں اہم پیش رفت


متعلقہ خبریں