خطے میں استحکام کے لیے افغان امن عمل ناگزیر ہے، شاہ محمود قریشی


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ خطے میں استحکام کے لیے افغان امن عمل ناگزیر ہے۔

پاکستان، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ نے اسلام آباد میں سہ فریقی مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاک، چین، افغانستان کے مذاکرات کا تیسرا دور انتہائی مفید رہا اور باہمی تعلقات، افغان امن عمل اور سیکیورٹی تعاون پر بات چیت ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ چین ہمارا آزمودہ دوست اور بہترین ہمسایہ ہے جبکہ خطے میں استحکام کے لیے افغان امن عمل ناگزیر ہے اور مذاکرات میں افغان امن عمل میں پیش رفت کا بھی جائزہ لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ سہ فریقی مذاکرات بیجنگ میں کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔

چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ تینوں ممالک کے درمیان پانچ نکات پر اتفاق رائے ہوا ہے جبکہ خطے میں امن و امان کے لیے باہمی رابطوں کا فروغ ضروری ہے اور ہم افغانستان میں پر امن مذاکرات کی کامیابی کے لیے پرامید ہیں اور سی پیک میں افغانستان کی شمولیت کے خواہشمند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تینوں ملک انسداد دہشت گردی کے لیے مل کر کام کریں گے۔

افغان وزیر خارجہ نے کہا کہ خطے کے امن کے لیے پاک افغان مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں اور امن کے لیے پاکستان، چین کے وزرائے خارجہ کی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ امید کرتے ہیں امن و استحکام کے لیے سہ فریقی مذاکرات جاری رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ طالبان کو امن مذاکرات میں خلوص کا مظاہرہ کرنا ہو گا اور امید ہے پاکستان کے ٹھوس اقدامات سے افغانستان میں پرتشدد واقعات میں کمی ہوگی۔


متعلقہ خبریں