بھارت کو مزید رعایت نہیں دیں گے، غلام سرور خان


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی وجہ سے بھارتی صدر رام ناتھ کو پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی۔

بھارتی اخبار ’دی ہندو‘ کو انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو مزید رعایت نہیں دیں گے، تمام متعلقین سے بات کرکے فضائی حدود بند کی۔

غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ بھارت ابھی بھی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے جبکہ کشمیر میں مودی حکومت کا رویہ قابل نفرت ہے۔

انہوں نے کہا کہ وی وی آئی پی کے علاوہ بھارتی ایئر لائنز کے لیے فضائی حدود بند کرنا بھی زیر غور ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم نے یوم دفاع کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرفیو کے ذریعے کشمیریوں کو ہر طرح کی بنیادی سہولیات سے روکا گیا ہے، ہم کیسے یہ سب کچھ برداشت کر سکتے ہیں؟

غلام سرور خان کے مطابق وفاقی کابینہ اور پارلیمنٹ بھی بھارت کو مزید رعایت دینے کے لیے راضی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ جولائی میں پاکستان نے خیر سگالی کے جذبے کے تحت فضائی حدود کو کھولا مگر بھارت نے اس کو ہماری کمزوری سمجھا جو کہ ناقابل برداشت رویہ ہے۔


متعلقہ خبریں