انصاف نہ ملنے پر لیڈی کانسٹیبل فائزہ مستعفی


فیروز والا میں لیڈی کانسٹیبل فائزہ نے انصاف نہ ملنے پر پولیس میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

لیڈی کانسٹیبل کو وکیل نے غلط گاڑی پارکنگ کرنے سے منع کرنے پر تھپڑ مارا تھا۔

خاتون اہلکار کا مؤقف ہے کہ مجھے ذہنی ٹارچر کیا جارہا ہے، نوکری عوام کی خدمت کرنے کے لیے کر رہی تھی۔

اپنے ویڈیو بیان میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے پاکستان مدینہ ریاست میں انصاف ملتا نظر نہیں آرہا۔

فائزہ کا کہنا تھا کہ مجھ پر دباؤ ڈالا جارہا ہے، سمجھ نہیں آرہا کہ میں کہاں جاؤں یا خودکشی کرلوں۔

انہوں نے کہا کہ میں کمزور عورت ہوں جو میرا جرم ہے، اس مافیا کا مقابلہ نہیں کرسکتی اور محکمہ پولیس سے استعفی دے رہی ہو۔

’واقعے پر مزید بھی تحقیقات ہوں گی‘

معاملے پر ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت شہباز گل نے کہا کہ ذمہ دار افراد کے خلاف  قانون حرکت میں آیا۔

انہوں نے بتایا کہ ایف آئی آر میں چار مرتبہ وکیل کا نام لکھا گیا تاہم ایک دفعہ نام کے ساتھ ایس اضافی لگ گیا۔

ترجمان نے کہا کہ ہر ادارہ اپنے حقوق کے مطابق کام کرتا رہے گا، اس واقعے پر مزید بھی تحقیقات ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ کیس کے ملزم کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا، وکیل کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، انہیں گولی تو نہیں ماری جاسکتی، وکیل کی تربیت ہم نے تو نہیں کرنی تھی۔


متعلقہ خبریں