یوم بحریہ انتہائی جوش و جذبہ سے منایا گیا

ورلڈ میری ٹائم ڈے کی مناسبت سے ڈاکیو منٹری ریلیز کر دی

کراچی: ملک بھر میں آج یوم بحریہ انتہائی جوش و جذبے سے منایا گیا۔

1965 کی جنگ میں پاک بحریہ کے ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے 8 ستمبر کو یوم بحریہ کے طور پر منایا جاتا ہے۔

یوم بحریہ کے موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے جاری کردہ ایک پیغام میں کہا کہ یوم بحریہ ہمیں پاک بحریہ کے آفیسرز وجوانوں کے غیر معمولی حوصلے اور شجاعت کی یاد دلاتا ہے۔ اس دن ”آپریشن سومنات“ کو جس جرات و دلیری کے ساتھ انجام دیا گیا وہ پاکستان کے لیے باعث  فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ 8 ستمبر کے دن پاکستان نیوی کے بحری جنگی جہازوں نے بھارت کے ساحل پر حملہ کیا اور دوارکا میں بھارتی ریڈار اسٹیشن کو تباہ کیا۔ پاکستان کی آبدوز غازی کا خوف بھارتی نیوی کے جہازوں پر چھایا رہا اور آبدوز غازی نے سمندر پر اپنی بالادستی قائم کیے رکھی۔

ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ پاکستان نیوی میں یومِ بحریہ 1965 کی جنگ کے بحری ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔ آج کا دن ہماری بحری تاریخ کا سنہری باب ہے اور نوجوان آفیسرز اور سیلرز کے لیے مشعل راہ رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ عصر حاضر میں میری ٹائم سیکٹر کو متعدد چیلنجز اور میری ٹائم دہشت گردی کا سامنا ہے۔ پاک بحریہ عالمی بحری افواج کے ساتھ مل کر اور ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پیٹرول کے ذریعے عالمی پانیوں میں امن و استحکام کو یقینی بنا رہی ہے۔

سربراہ پاک بحریہ نے کہا کہ گوادر بندرگاہ کی ترقی اور پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ معاشی فوائد حاصل کرنے کا مواقع فراہم کریں گے۔ پاک بحریہ مکمل طور پر چوکس ہے جس کا کھلا ثبوت جدید بھارتی آبدوز کا سراغ لگانا اور اس کے عزائم ناکام بنانا ہے۔

نیول چیف نے کہا کہ آج کے دن پاک بحریہ کے تمام آفیسرز اور جوان اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ خون کے آخری قطرے تک اپنے مادر وطن کا دفاع کریں گے۔

دوسری جانب ترجمان پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ ’’آپریشن سومنات‘‘ 1965 کی جنگ میں بھارت کی شکست کا دوسرا نام ہے۔ بھارتی ایئر فورس کے حملوں کو غیر مؤثر بنانے کے لیے ’’دوارکا ریڈار اسٹیشن‘‘ تباہ کیا جانا نہایت ضروری تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کے فاتح بحری بیڑے نے دشمن کو اس کے اپنے پانیوں میں شکست فاش دے دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں ڈی جی آئی ایس پی آر  یوم دفاع و شہدا پر بے مثال کوریج دینے پر میڈیا کے شکر گزار


متعلقہ خبریں