وزیر اعظم کی ’’کلین کراچی مہم‘‘ جاری رکھنے کی ہدایت

ترسیلات زر میں 17 فیصد اضافہ، وزیراعظم معاشی کامیابیوں پر مطمئن

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کلین کراچی مہم جاری رکھنے کی ہدایت کر دی۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کراچی صفائی مہم اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء بیرسٹر فروغ نسیم، مخدوم خسرو بختیار، خالد مقبول صدیقی، سید علی حیدر زیدی شریک تھے۔

اجلاس میں معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا، رکن قومی اسمبلی آفتاب حسین صدیقی، رکن سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی، حلیم عادل صدیقی، ڈی جی فرنٹیر ورکس آرگنائزیشن میجر جنرل انعام حیدر ملک اور سینئر افسران شریک تھے۔

اجلاس میں کراچی کی عوام کو درپیش مسائل خصوصاً پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سیوریج، صفائی، ماس ٹرانزٹ سسٹم و دیگر اہم ایشوز پر تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ ڈی جی فرنٹیر ورکس آ رگنائزیشن میجر جنرل انعام حیدر ملک نے کلین کراچی مہم میں اب تک کی پیش رفت پر آگاہ کیا۔

اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ملک کا معاشی حب ہونے کے ناطے پاکستان کا مستقبل کراچی کے مستقبل سے جڑا ہے جبکہ ماضی کی بد انتظامی اور غفلت کا خمیازہ کراچی کی عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پینے کے پانی کی قلت کی وجہ سے کراچی کی عوام کو صحت کے معاملے میں شدید خطرات لاحق ہیں جبکہ وفاقی حکومت چاہتی ہے کراچی کے مسائل کو حل کیا جائے تاکہ وہاں کی عوام کو بہتر سہولیات میسر آئیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کے حل میں وفاقی حکومت بھرپور کردار ادا کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں کراچی میں جلد پانی اور سیوریج کے مسائل ختم ہو جائیں گے، سعید غنی

وزیر اعظم نے کراچی کے مسائل حل کرنے سے متعلق لائحہ عمل کے لیے وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی۔ جس میں وزیر قانون، وزیر بحری امور، وزیر منصوبہ بندی، ڈی جی ایف ڈبلیو او اور دیگر اراکین شامل ہوں گے۔


متعلقہ خبریں